عوام کو خاص ریلیف نہ مل سکا، پیٹرول کی قیمت برقرار، ڈیزل سستا
نگراں حکومت نے آئندہ 15 دن کیلئے پیٹرول کی موجودہ قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ڈیزل کی قیمتوں میں 7 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔
مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے 82 پیسے فی لیٹر کمی جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 4 روپے 52 پیسے فی لیٹر کمی کی منظوری دی گئی ہے۔
پاکستان میں پیٹرول کی موجودہ قیمت 281.34 روپے فی لیٹر ہے، جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمت 296 روپے 71 پیسے سے کم ہوکر 289 روپے 71 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی نئی قیمت 201.16 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 175.93 روپے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔
قبل ازیں، نگران حکومت نے 15 نومبر کو پیٹرول کی قیمت میں دو روپے چار پیسے فی لیٹر، ڈیزل کی قیمت میں چھ روپے 47 پیسے فی لیٹر، مٹی کے تیل کی قیمت میں چھ روپے پانچ پیسے فی لیٹر اور لائٹ اسپیڈ ڈیزل (ایل ایس ڈی) کی قیمت میں نو روپے ایک پیسے فی لیٹر کمی کی تھی۔
حالانکہ توقع تھی کہ قیمتوں میں بڑی کمی کی جائے گی، لیکن حکومت نے عوام کو کوئی بھی بڑا ریلیف دینے سے گریز کیا تھا۔
Comments are closed on this story.