Aaj News

جمعرات, نومبر 14, 2024  
12 Jumada Al-Awwal 1446  

پرویز الہیٰ کے اسکواڈ کی گاڑی سے وکیل کی کار کو ٹکر

پرویز الہیٰ کی وکیل سے معذرت
شائع 30 نومبر 2023 04:37pm

لاہور میں عدالتی پیشی پر جاتے ہوئے استنبول چوک پر پرویز الہیٰ کے اسکواڈ کی گاڑی نے وکیل کی گاڑی کی ٹکر ماردی۔ پرویز الہیٰ نے وکیل کو ہرجانہ دینے کی کوشش کی مگر وکیل نے رقم لینے سے انکار کر دیا۔

وکلاء جب اسپشل سنٹرل عدالت پہنچے تو اس بارے میں پرویز الہیٰ کو بتایا گیا،

اسکواڈ کی گاڑی سے ٹکر کے بعد پرویز الہیٰ نے وکیل سے معذرت کی اور اسے 60 ہزار روپے پیش کیے، لیکن وکیل نے رقم لینے سے انکار کردیا۔

اس کے بعد پرویز الہی نے وکلاء کو بسکٹ کھلائے اور ان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دعا کریں میں مقدمات سے بری ہوجاؤں۔

لاہور کی عدالت میں پیشی پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہیٰ نے کہا نوازشریف کی فوری بریت کے بعد ان کے لاڈلے ہونے میں کوئی شک باقی نہیں رہا۔ نواز شریف اور شہباز شریف عوامی عدالت میں اپنے کرتوتوں کا حساب دینے کیلئے تیار رہیں۔

چوہدری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ ہیرا پھیری کے چمپئین شریف برادران اللہ تعالیٰ اور عوام کی عدالت سے کیسے بچیں گے؟ اس بار قوم انہیں الیکشن میں آٹے دال کا بھاؤ یاد کروا دے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف نے 16 ماہ کی حکومت میں لیول پلیئنگ فیلڈ حاصل کرنے کے سوا کچھ نہیں کیا۔ وہ دن دور نہیں جب عوام ان لاڈلوں کو ووٹ کی پرچی کے ذریعے باہر نکالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف بلے کے نشان پر انتخابی میدان میں اترے گی اور کامیابی حاصل کرے گی۔

Chaudhry Pervaiz Elahi

Squad Car Accident