یروشلم میں بس اسٹاپ پر فائرنگ، 3 افراد ہلاک متعدد زخمی
اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ یروشلم میں نامعلوم افراد نے بس اسٹاپ پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے، پولیس کی جوابی فائرنگ میں حملہ آور بھی مارے گئے۔
جمعرات کو اسرائیلی پولیس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ یروشلم کے نواح میں ایک بس اسٹاپ پر دو مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
پولیس نے بتایا کہ جمعرات کی صبح ہونے والی فائرنگ میں 16 افراد زخمی ہوئے۔
اسرائیلی ایمبولینس سروس کا کہنا ہے کہ ہنگامی خدمات نے شدید زخمیوں میں سے آٹھ کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا۔
مغربی یروشلم میں پولیس نے کہا کہ مسلح افراد ’آتشیں اسلحہ سے لیس ایک گاڑی میں جائے وقوعہ پر پہنچے‘، اسلحے میں ایک M16 رائفل اور ایک پستول بھی شامل تھا،
حملہ آوروں نے بس اسٹیشن پر موجود ہجوم پر فائرنگ کی۔
پولیس نے بتایا کہ حملہ آور جو کہ مشرقی یروشلم کے رہائشی تھے، انہیں سیکورٹی فورسز اور ایک شہری نے مار ڈالا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی گاڑی کے اندر سے گولہ بارود اور ہتھیار ملے ہیں۔
اسرائیل کے چینل 12 ٹیلی ویژن سے نشر ہونے والے سیکیورٹی کیمرے کی فوٹیج میں حملے کے لمحات کو دکھایا گیا ہے۔
فوٹیج میں ہجوم سے بھرے بس اسٹاپ کے پاس ایک سفید کار رکی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ پھر دو آدمی باہر نکلتے ہیں اور فائرنگ کرتے ہوئے بھیڑ کی طرف بھاگتے ہیں۔
تھوڑی دیر بعد حملہ آوروں کو گولی مار دی جاتی ہے۔
میگن ڈیوڈ ایڈوم ایمرجنسی سروس نے بتایا کہ متاثرین میں سے ایک 24 سالہ خاتون تھیں۔ ایک 73 سالہ شخص، جس کی حالت تشویشناک تھی اسے شار زیڈک میڈیکل سینٹر میں مردہ قرار دیا گیا جبکہ ایک تیسرا شخص بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
ایمبولینس سروس نے ابتدائی طور پر کہا کہ زخمیوں میں سے پانچ کو شدید چوٹیں آئیں اور دو کو معمولی سے ہلکی چوٹیں آئیں۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب اسرائیل اور حماس نے معاہدے کی میعاد ختم ہونے سے کچھ دیر قبل جنگ بندی میں ساتویں روز کی توسیع پر اتفاق کیا۔
اسرائیل کی فوج نے جمعرات کو کہا کہ غزہ کی پٹی میں لڑائی میں عارضی توقف ’یرغمالیوں کی رہائی کے عمل کو جاری رکھنے کے لیے ثالثوں کی کوششوں کی روشنی میں، اور معاہدے کی شرائط کے تحت‘ جاری رہے گا۔
Comments are closed on this story.