منی لانڈرنگ کیس میں اشتہاری مونس الٰہی کیخلاف کارروائی شروع، مختلف جگہوں پر اشتہارات آویزاں
اسپیشل سینٹرل عدالت کے جج نے مونس الٰہی کیخلاف منی لانڈرنگ کیس میں اشتہاری کی کاروائی شروع کر دی، اور مونس الہیٰ سے متعلق مختلف جگہوں پر اشتہارات آویزاں کردیے گئے ہیں۔
ایف آئی اے منی لانڈرنگ مقدمے میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، اور عدالتی حکم پر مونس الٰہی کے خلاف اشتہاری کی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
مؤنس الٰہی سے متعلق مختلف جگہوں پر اشتہارات آویزاں کر دیے گئے ہیں جس میں تحریر کیا گیا ہے کہ مونس الٰہی کو آج عدالت میں پیش ہونے کی مہلت دی گئی تھی لیکن وہ روپوش ہیں اور وہ عدالت میں پیش نہیں ہو رہے۔
مزید پڑھیں: منی لانڈرنگ کیس: عدالت کا پرویزالہیٰ اور مؤنس کو ذاتی حیثیت میں پیش کرنے کا حکم
اسپیشل سینٹرل عدالت لاہور نے منی لانڈرنگ کیس میں اشتہاری کی کارروائی شروع کی ہے، ایف آئی اے نے چالان عدالت جمع کرا رکھا ہے۔
واضح رہے کہ چوہدری مونس الہٰی پر ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کک بیکس وصول کرکے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے، نیب لاہور ایک ارب روپے سے زائد کرپشن کی تحقیقات کررہا ہے۔
چوہدری مونس الہٰی اشتہاری قرار
13 نومبر کو لاہور کی احتساب عدالت میں ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ اربوں کی کک بیکس وصول کرنے کا کیس کی سماعت ہوئی۔ جج نسیم احمد نے نیب کی درخواست پر کارروائی کی۔
نیب نے عدالت میں مؤقف اختیار کرتے ہوئے استدعا کی کہ مؤنس الہیٰ گرفتار نہیں ہوئے اور نہ ہی تفتیش جوائن کی، عدالت نے مونس الہی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کررکھے ہیں، عدالت مونس الہیٰ کو اشتہاری قرار دینے کا حکم دے۔
احتساب عدالت نے چوہدری مونس الہٰی کو اشتہاری قرار دے دیا اور ان کی جائیدادوں کا ریکارڈ طلب کرلیا جب کہ عدالت نے جائیدادوں کو قرق کرنے کی کارروائی کا بھی آغاز کردیا۔
مونس الہی کو وطن واپس لانے کیلئےانٹرپول سے رابطہ
23 نومبر کو سابق وفاقی وزیر مؤنس الٰہی کو وطن واپس لانے کیلئے قانونی عمل کا آغاز ہوگیا، اور نگران وفاقی حکومت نے مونس الٰہی کو وطن واپس لانے کیلئے انٹرپول سے رابطہ کرلیا، اور ان کے تمام مقدمات کی تفصیل انٹرپول حکام سے شیئر کردی گئیں۔
ذرائع وفاقی حکومت نے بتایا کہ مؤنس الہیٰ کو وطن واپس لانے کے لئے ایف آئی اے نے انٹرپول حکام سے رابطے کئے، اور تمام مقدمات کی تفصیل انٹرپول حکام سے شیئر کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما مونس الٰہی کی گرفتاری کیلئے ریڈ نوٹس جاری کروانے کا عمل بھی شروع ہو گیا ہے۔ ماضی میں مطلوب مجرموں کی پاکستان حوالگی کی مثالیں موجود ہیں۔
مونس الہیٰ کی پراپرٹیز اور بینک اکاؤنٹس منجمد
تحریک انصاف کے رہنما مونس الٰہی کے خلاف ایف آئی اے منی لانڈرنگ کیس میں عدالتی حکم پر بینک اکاؤنٹس منجمد کردیے گئے تھے، جن کی تفصیلات سامنے آئی تھیں۔
ذرائع نے بتایا کہ نگراں پنجاب حکومت نے تمام ڈیٹا ایف آئی اے کے حوالے کیا، ایف آئی اے اور وفاقی حکومت نے صوبائی حکومت سے ڈیٹا مانگا تھا۔
دستاویز کے مطابق مؤنس الہی کے لاہور میں 8 مختلف بینک اکاؤنٹس منجمد کیے گئے ہیں، ان کے مختلف بینک اکاؤنٹس میں 48 کروڑ 76 لاکھ سے زائد کی رقم آئی، اور انہوں نے ساری رقم ان بینک اکاؤنٹس سے نکلوا لی۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ مونس کے رقم جمع کرانے اور منتقل کرنے میں استعمال ہونے والے بینک اکاؤنٹس منجمدکردیئے، ان کے مختلف بینک اکاؤنٹس منی لانڈرنگ کیلئے استعمال ہوئے ہیں۔
دستاویز کے مطابق مونس الٰہی کی 6 مختلف پراپرٹیز کو بھی منجمد کر دیا گیا ہے، ان کی قصور میں5 اور راولپنڈی میں ایک پراپرٹی کو منجمد کیا گیا، انہوں نے پراپرٹیز منی لانڈرنگ سے بنائی ہیں، اور عدالت کے حکم پر ان کے بینک اکاؤنٹس اور پراپرٹیز کو منجمد کیا گیا ہے۔
Comments are closed on this story.