Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

پاکستان اور کویت کے درمیان اربوں ڈالر کے 7معاہدوں پر دستخط

وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کویت کا دورہ کرکے دبئی روانہ
اپ ڈیٹ 29 نومبر 2023 07:54pm
فوٹو ــ اے پی پی
فوٹو ــ اے پی پی
فوٹو ــ اسکرین گریب
فوٹو ــ اسکرین گریب

دورہ کویت کے دوران نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کویت کے پہلے نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ شیخ طلال الخالد الاحمد الصباح سے بیان پیلس میں ملاقات کی۔ جس کے بعد پاکستان اور کویت کے درمیان 7 معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ نگراں وزیرِاعظم دو روزہ سرکاری دورہ کویت مکمل کرکے اقوام متحدہ کانفرنس میں شرکت کیلئے دبئی روانہ ہوئے۔

وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی کویت کے نائب وزیراعظم اور وزیر داخلہ سے ملاقات میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔

ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کو اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرکے مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور قیادت کی سطح پر تعلقات پر اظہار اطمینان، قریبی روابط رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

کویت کی جانب سے پاکستان کے مختلف شعبوں بشمول فوڈ سکیورٹی، زراعت، پن بجلی، پینے کیلئے صاف پانی کی فراہمی اور کان کنی کی سرگرمیوں میں تعاون کیلئے کان کنی فنڈ کا قیام، ٹیکنالوجی زونز ڈویلپمنٹ اور مینگروو کے تحفظ سمیت اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے 7 معاہدوں اور ثقافت اور آرٹ ، ماحولیات اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں تعاون کیلئے 3 مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی دستخط کئے گئے۔

وزیراعظم نے کویت کے ساتھ ان معاہدوں کو ان کامیابیوں میں ایک اور سنگ میل قرار دیا جو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے پلیٹ فارم سے ملک کے لئے سامنے آرہی ہیں۔ وزیر اعظم نے کویت کے امیر شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کی صحت یابی کے لئے دعا بھی کی۔

اس سے قبل نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ اعلیٰ کویتی قیادت سے ملاقات کیلئے جب البیان محل پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

کویت کے اول نائب وزیرِاعظم و وزیرِ داخلہ شیخ طلال الخالد الاحمد الصباح نے محل پہنچنے پر نگران وزیراعظم کو خوش آمدید کہا۔

وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیرِاعظم انوارالحق کاکڑ کو کویتی امیری گارڈ کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا اور دونوں ممالک کے ترانے پیش کئے گئے۔

یہ بھی پڑھیں :

کویت 7 منصوبوں میں 10 ارب ڈالر سرمایہ کاری کرے گا، وفاقی کابینہ نے منظوری دے دی

نگراں وزیراعظم کا بل گیٹس سے ٹیلی فونک رابطہ، پولیو کی روک تھام پر گفتگو

پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اسٹریٹجک اور برادرانہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، آرمی چیف

نگران وزیرِ خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر، نگران وزیرِ توانائی محمد علی، نگران وزیرِ تجارت گوہر اعجاز ، نگران وزیرِ قانون، موسمیاتی تبدیلی و آبی ذخائر احمد عرفان اسلم اور نگران وزیرِاعلی پنجاب محسن نقوی بھی نگران وزیرِ اعظم کے ہمراہ کویت گئے ہیں۔

نگراں وزیرِاعظم دو روزہ سرکاری دورہ کویت مکمل کرکے اقوام متحدہ کانفرنس میں شرکت کیلئے دبئی روانہ ہوئے۔ کویت کے وزیرتوانائی اور پاکستانی سفیر نے انوار الحق کاکڑ کو الوداع کیا۔

Kuwait

Caretaker Prime Minister Anwar ul Haq Kakar