Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

صادق آباد: فائرنگ کے تبادلے میں 2 پولیس اہلکاروں، 4 ڈاکوؤں سمیت 11 افراد ہلاک

پولیس نے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن اندھیرے کے باعث روک دیا
اپ ڈیٹ 29 نومبر 2023 10:44pm

صادق آباد میں تھانہ ماچھکہ کی حدود میں ڈاکوؤں کی کسانوں پر فائرنگ کے نتیجے میں 4 کسانوں اور ایک راہگیر خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان مقابلے میں 4 ڈاکو ہلاک جبکہ 2 پولیس اہلکار شہید اور 4 زخمی ہو گئے۔

رحیم یار خان کی تحصیل صادق آباد میں تھانہ ماچھکہ کی حدود کچہ ماچھکہ میں شر اور کوش گینگ کے افراد نے کسانوں پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 4 کسان موقع پر جاں بحق جبکہ ایک خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہوئے جس میں خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور ڈاکوؤں کے گرد گھیرا تنگ کردیا۔

کماد (گنے) کی فصل میں چھپے ڈاکوؤں کی جانب سے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار محمد قاسم اور جام ارشاد شہید ہو گئے جبکہ 4 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، جن میں محمد آصف، محمد عمران، عبدالرزاق اور محمد سرور شامل ہیں۔

زخمیوں کو طبی امداد کے لیے شیخ زید اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس کی جوابی فائرنگ سے 4 ڈاکو ہلاک جبکہ 2 زخمی ہوگئے، ڈاکوؤں سے بھاری اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے جبکہ 5 کسانوں، 4 ڈاکوؤں اور 2 پولیس اہلکاروں سمیت ہلاکتوں کی تعداد 11 ہوگئی۔

ڈی پی او رحیم یار خان رضوان عمر گوندل کا کہنا ہے علاقے میں ڈاکوں کی موجودگی تک آپریشن جاری رہے گا۔

مزید پڑھیں

کچے کے ڈاکوؤں نے صادق آباد سے 4 مزدوروں کو اغوا کرلیا

صادق آباد: ڈاکوؤں کی پولیس وین پر فائرنگ، تین اہلکار زخمی

صادق آباد: کچےمیں آپریشن 27ویں روز بھی جاری، 3 ڈاکو ہلاک ، 33 گرفتار

اہل علاقہ کے مطابق جاں بحق افراد گنے کی کٹائی کے لیے کچے کےعلاقے گئے تھے کہ ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی۔

دوسری جانب پولیس نے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن اندھیرے کے باعث روک دیا۔

rahim yar khan

Sadiqabad

Kacha Area