Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

انٹرا پارٹی الیکشن میں عمران خان کی دستبرداری کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا، تحریک انصاف

ترجمان پی ٹی آئی نے میڈیا میں کی جانے والی قیاس آرائیوں کی سختی سے تردید کردی
شائع 28 نومبر 2023 08:59pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے انٹرا پارٹی انتخابات میں عمران خان کے حصہ نہ لینے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی تک چیئرمین کی نشست پر کسی رہنما کی نامزدگی یا عمران خان کی دستبرداری کا فیصلہ نہیں ہوا۔

پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات کے انعقاد اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے نئی مدت کے لیے انتخاب میں حصہ لینے کے معاملے پر پارٹی ترجمان نے وضاحت جاری کرتے ہوئے میڈیا میں کی جانے والی قیاس آرائیوں کی سختی سے تردید کردی۔

ترجمان تحریک انصاف کی جانب سے جاری وضاحتی تردید میں کہا گیا کہ چیئرمین تحریک انصاف کے الیکشن کمیشن کے حکم پر کروائے جانے والے انٹراپارٹی انتخابات میں بطور چیئرمین حصہ نہ لینے کے حوالے سے سینئر رہنما کے دعویٰ کے تردید کرتے ہیں۔

پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ انٹرا پارٹی انتخاب کے انعقاد کے حوالے سے تمام اہم امور پر غور و خوض کا سلسلہ جاری ہے، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی انتخابات سے دستبرداری یا کسی اور رہنما کی نامزدگی کا ہرگز کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

ترجمان تحریک انصاف نے مزید کہا کہ انٹرا پارٹی انتخابات کے انعقاد، تاریخ و طریقہ کار اور امیدواران کے تعین سمیت تمام اہم معاملات پر جوں ہی قیادت کسی نتیجے پر پہنچے گی اسے باضابطہ طور پر جاری کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے حکم پر پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ہفتہ دو دسمبر کو انٹرا پارٹی انتخابات کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں

عمران خان پارٹی کے چئیرمین رہیں گے یا نہیں؟ پی ٹی آئی انتشار کا شکار

بلے کا انتخابی نشان رکھنے کیلئے پی ٹی آئی پر نئی شرط عائد، عمران خان الیکشن لڑیں گے

اس سے قبل خبر سامنے آئی تھی کہ عمران خان نے چیئرمین کے عہدے سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے اور وہ کسی بھی عہدے پر الیکشن نہیں لڑیں گے جبکہ یہ بھی بتایا گیا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی فیملی میں سے بھی کوئی کسی عہدے پر حصہ نہیں لے گا۔

اسلام آباد

PTI Reaction

intra party elections

PTI Chairmanship