Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

ایک ریسیپی 50 سالن، مصالحے یاد رکھنے کے جھنجھٹ سے چھٹکارا

بناکر فریج میں رکھ لیں اور جب کوئی سالن بنانا ہو اس گریوی میں بنائیں
شائع 28 نومبر 2023 07:29pm

دیسی کھانوں کی بات کی جائے تو سالن جسے گریوی بھی کہتے ہیں ایک اہم جز ہوتا ہے۔

سالن کے بارے میں تو سب ہی جانتے ہیں، لیکن اگر کوئی نہیں جانتا تو بتا دیں کہ یہ دراصل ایک ذائقہ دار مائع ہوتا ہے جو مصالحے اور تیل کے مکسچر میں پکایا جاتا ہے۔

بعض اوقات اس میں دھنیے کے کچھ پتے اور کٹی ہوئی ادرک گارنش کے لیے ڈالی جاتی ہے۔

سالن تو کئی طرح کے ہوتے ہیں، جیسے کے چکن کا سالن، بیف کا سالن، آلو کا سالن، سبزیوں کا سالن وغیرہ۔ اور ان تمام کی ریسیپی یاد رکھنا بھی ایک مشکل کام ہے، خاص طور پر نوجوان لڑکیوں کیلئے جو کھانا بنانا سیکھ رہی ہیں یا ابھی بنانا شروع کیا ہے۔

ذرا سی مصالحے کی اونچ نیچ سالن کا ذائقہ تبدیل کردیتی ہے، اس لیے ضروری ہے کہ ہر مسالے کی بالکل صحیح مقدار یاد رکھی جائے۔

لیکن اتنی اقسام کے سالنوں کے بے شمار مصالحوں کی درست مقدار یاد رکھنا بھی مشکل ہے۔

تو اس کا حل کیا ہے؟

اس کا حل ایک واحد ایسی ریسیپی جو ہر سالن میں استعمال کی جاسکے۔

بھارت کے ماسٹر شیف پنکج بھدوریا نے اپنے یوٹیوب چینل پر سالن کی ایک سادہ اور لذیذ ترکیب شیئر کی ہے، جو مختلف سبزیوں اور مسالوں کا مرکب ہے، اور زیادہ تر دیسی پکوانوں کے لیے بہترین بنیاد بن سکتی ہے۔

چاہے آپ کو چھولے بنانے ہوں یا کوفتے، آلو مٹر بنانا ہو کوئی اور سالن، آپ اپنی ڈش کو مزید ذائقہ دار بنانے کے لیے اس گریوی کو شامل کرسکتے ہیں۔

اس گریوی کو بنانے کیلئے درج ذیل اجزاء درکار ہیں۔

  • 4 بڑی پیاز
  • 8 بڑے سرخ ٹماٹر
  • 4 انچ کا ادرک کا ٹکڑا
  • 6 سے 8 ہری مرچیں
  • ایک چمچ لہسن کا پیسٹ
  • دو کھانے کے چمچ لال مرچ پاؤڈر
  • دو کھانے کے چمچ دھنیا پاؤڈر
  • ایک چمچ ہلدی پاؤڈر
  • دو چمچ گرم مصالحہ پاؤڈر
  • ایک چمچ سیاہ زیرہ (کاراوے سیڈز)
  • ایک چمچ زیرہ
  • دو انچ کا دار چینی کا ٹکڑا
  • 2 سے 3 تیز پات
  • 5 سے 6 سبز الائچی
  • 7 سے 8 لونگ
  • 12 سے 15 کاجو
  • ایک چمچ نمک
  • آدھا کپ تیل

گریوی بنانے کا طریقہ

پیاز، ہری مرچ اور ادرک کو باریک کاٹ لیں اور ٹماٹر کو بھی کاٹ لیں۔ ایک پیالے میں پاؤڈر مصالحے آدھا کپ پانی ڈال کر پیسٹ بنا لیں۔

اب ایک پین میں تیل گرم کریں۔ پورا مصالحہ اور نمک شامل کریں اور پیسٹ کو دانے دار ہونے تک پکنے دیں۔

پھر کٹی ہوئی پیاز ڈال کر ہلکی آنچ پر بھونیں یہاں تک کہ اس کا رنگ ہلکا ہو جائے۔

اس کے بعد کٹی ہوئی ادرک اور مرچیں ڈال کر پیاز کے سنہری ہونے تک بھونیں۔

اب مصالحہ پیسٹ ڈالیں اور تیل کے اوپر آنے تک پکائیں۔

اس کے بعد کٹے ہوئے ٹماٹر ڈالیں اور اس وقت تک پکائیں جب تک ٹماٹر گودا نہ ہو جائیں اور تیل دوبارہ سطح پر آجائے۔

اب کاجو کا پیسٹ ڈال کر اچھی طرح مکس کریں اور 3 سے 4 منٹ تک پکائیں جب تک کہ تیل دوبارہ سطح پر نہ آجائے۔

اب اسے ٹھنڈا کرکے اسٹور کرلیں اور جب جب کھانا بنانا ہو اسی گریوی میں پکائیں۔

recipe

Salan Recipe

Gravy Recipe