Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

بھارت کی پولیس نے نگرانی کیلئے حماس کا طریقہ اپنا لیا

ایک صارف نے سیدھا پوچھ ہی لیا ’حماس سے سیکھا؟‘
شائع 27 نومبر 2023 11:03pm

سات اکتوبر 2023 کو حماس نے اسرائیل پر زمینی، بحری اور فضائی حملہ کیا، زمین سے اسرائیل میں گھسنے کیلئے حماس کے جنگجوؤں نے ابتدائی طور پر گولف کارٹس طرز کی چھوٹی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کا استعمال کیا، اس کے بعد بڑی گاڑیاں لائی گئیں، بحری حملہ چھوٹی دیسی ساختہ کشتیوں کی مدد سے ہوا، جبکہ فضائی حملے کیلئے جنگجوؤں نے پیرا موٹرنگ اور پیرا گلائیڈنگ کا استعمال کیا۔

یہ حملہ اتنا اچانک اور کامیاب تھا کہ اب لگتا ہے بھارت نے بھی اس طریقے کو اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں بھارتی ریاست گجرات کے ایک پولیس افسر کو فضائی نگرانی کے لیے پیراموٹرنگ کا استعمال کرتے ہوئے جونا گڑھ شہر کے اوپر گھومتے دکھایا گیا ہے۔

نگرانی کے اس نئے انداز نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرلی اور ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔

اس ہائی فلائنگ آپریشن کے پیچھے مقصد للی پرکرما کی نگرانی کرنا تھا، جو کہ ایک مقدس سالانہ تقریب ہے جہاں عقیدت مند جونا گڑھ ضلع میں گرنار پہاڑ کو گھیر لیتے ہیں۔

وائرل فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ افسر اپنی موٹرائزڈ پیرا گلائیڈر کو مہارت سے چلا رہا ہے، جو ایک کمپیکٹ انجن سے لیس ہے۔

کچھ سوشل میڈیا صارفین نے تو اس پولیسنگ تکنیک کی تعریف کی لیکن کچھ کا خیال تھا کہ اتنی محنت سے بہتر ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال کرلیا جاتا۔

صارف کا خیال تھا کہ ڈرون کا استعمال اس لیے بہتر ہوتا کہ آپ اسے آسانی سے کنٹرول کرلیتے اور بوقت ضرورت زمین پر کارروائی بھی کر پاتے۔

ایک صارف نے سیدھا پوچھ ہی لیا ’حماس سے سیکھا؟‘

خیال رہے کہ پیراموٹرز روایتی پیراگلائیڈرز سے مماثلت رکھتے ہیں۔ اس کے لیے پائلٹ کو پرواز کیلئے کے لیے تھروٹلنگ سے پہلے رننگ اسٹارٹ کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ لانچنگ اور لینڈنگ عام طور پر کشادہ، کھلے علاقوں میں کی جاتی ہے۔

Hamas

Indian police

Gujarat Police

Israel Hamas war

7 October

Paramotoring