حکمران 9 مئی طرز کے فالس فلیگ آپریشن کی تلاش میں ہیں، ترجمان پی ٹی آئی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ترجمان نے چیئرمین عمران خان کی عدالتی پیشی کے موقع پر قائدین اور کارکنان کیلئے پیغام جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ’حکمران 9 مئی کی طرز پر کسی نئے فالس فلیگ آپریشن کی تلاش میں ہیں‘۔
ترجمان پی ٹی آئی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ چیئرمین عمران خان کی سلامتی، سیکیورٹی اور ماضی میں ان کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے کی سرکاری کوششیں کسی سے پوشیدہ نہیں، عمران خان کی سلامتی اور سیکیورٹی اوّلین ترجیح اور سب سے اہم ہے۔
ترجمان نے لکھا کہ ملک بھر سے لاکھوں کارکنان اپنے محبوب قائد کے استقبال کیلئے عدالت جانا چاہتے ہیں، خیبرپختونخوا میں بدترین سرکاری مداخلت اور پرتشدد ہتھکنڈوں کے باوجود نہایت جرات و بہادری سے والہانہ نکلتے عوام عمران خان کی مقبولیت اور ان سے قوم کے گہرے تعلق کی واضح نشانیاں ہیں۔
ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق پنجاب اور اسلام آباد پولیس، مقامی انتظامیہ اور وفاقی و صوبائی نگران حکومتوں سے چیئرمین عمران خان کی سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ’جبر و فسطائیت اور شر اور شرارت کی راہ پر گامزن حکمران 9 مئی کی طرز پر کسی نئے فالس فلیگ آپریشن کی تلاش میں ہیں‘۔
ترجمان نے کہا کہ ’لاقانونیّت کی راہ پر چلتی دستور سے منحرف سرکار انتشار کی آڑ میں انتخاب سے فرار کی تاک میں ہے‘۔ لیکن ہمارے امن پسند کارکنان شرپسندوں کو انتخاب سے بھاگنے کا ادنیٰ سا جواز بھی فراہم نہیں کریں گے اور انتخاب کے دستوری، جمہوری اور قانونی راستے سے عوام کے ساتھ مل کر ظلم و بربریت کے راج کو دفن کریں گے۔
Comments are closed on this story.