Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

حماس اور اسرائیل میں قیدیوں کا تیسرا تبادلہ، جنگ بندی کا آج آخری روز، توسیع کی کوششیں

امریکہ، مصر، قطر سرگرم، نیتن یاہو نے جنگ جاری رکھنے کا اعلان کردیا
اپ ڈیٹ 27 نومبر 2023 07:26am

اسرائیل اور حماس کے درمیان قیدیوں کا تیسرا تبادلہ اتوار کی شب مکمل ہوگیا۔ چار روزہ جنگ بندی کا آج پیر کو آخری دن ہے تاہم اس میں توسیع کی کوششیں کی جا رہی ہیں.

مصر کے القاہرہ ٹی وی کا کہنا ہے کہ حماس نے 13 اسرائیلی اور چار دیگر غیر ملکیوں کا ایک نیا گروپ ریڈکراس کے حوالے کردیا ہے۔ یہ افراد بعدازاں ایک ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسرائیل پہنچائے گئے۔ ان میں تھائی لینڈ کے تین اور روس ایک شہری شامل تھے۔

اسرائیل نے 39 فلسطینی رہا کیے۔

ادھر امریکہ، قطر اور مصر نے جنگ بندی میں توسیع کی کوششیں کردی ہیں۔ تاہم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو روکا نہیں جا سکتا۔

قبل ازیں، مصر کے حکام نے تصدیق کی تھی کہ انہیں اتوار کو رہائی کے لیے 13 اسرائیلیوں اور 39 فلسطینیوں کی فہرست موصول ہوئی ہے۔

مصر کی اسٹیٹ انفارمیشن سروس (SIS) کے سربراہ دیا راشوان نے ایک بیان میں کہا کہ یہ چار روزہ جنگ بندی کے معاہدے کے تحت رہا کیے جانے والوں کی تیسری کھیپ ہوگی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’جنگ بندی بغیر کسی رکاوٹ کے آگے بڑھ رہی ہے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ اتوار کو 120 امدادی ٹرک مصر سے غزہ تک پہنچے جن میں دو ایندھن کے ٹرک اور دو کھانا پکانے کے لیے گیس بھی شامل ہیں۔

خیال رہے کہ جنگ بندی کے دوسرے روز اسرائیل نے جنگ بندی معاہدہ کی شرائط کی خلاف ورزی کی، جس کے ردعمل میں حماس نے یرغمالیوں کی رہائی کو مؤخر کرنے کا اعلان کیا۔

تاہم، ہفتہ کو قطر اور مصر نے قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر عمل کے حوالے سے حماس اور اسرائیل سے مذاکرات کئے اور رکاوٹوں کو دور کیا گیا۔

رات گئے حماس نے 13 اسرائیلی اور چار غیر ملکیوں کو ریڈ کراس کے حوالے کر دیا۔

ان چار یرغمالیوں کا تعلق تھائی لینڈ سے ہے، جبکہ اسرائیلیوں میں چھ خواتین اور سات بچے شامل تھے۔

بدلے میں اسرائیل نے عوفر جیل سے 39 فلسطینی قیدی رہا کیے۔ رہا ہونے والے فلسطینیوں میں 38 سال کی اسراء جعابیص بھی شامل ہیں۔ انہیں 2015 میں گرفتار کیا گیا تھا اور 11 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

جنگ بندی کے پہلے دن حماس نے 13 اسرائیلی رہا کئے اور بدلے میں اسرائیل نے 39 فلسطینی خواتین اور بچوں کو رہا کر دیا۔

Israel Hamas war

Captives Swap

Captives Release