Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

خاورمانیکا نے دوران عدت نکاح پر عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف درخواست دائر کردی

بشری بی بی سے1989 میں نکاح ہوا، درخواست
اپ ڈیٹ 25 نومبر 2023 06:59pm
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ کے سابق شوہر خاور مانیکا نے مقامی عدالت میں دوران عدت نکاح پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف درخواست کردی۔

چیئرمین پی ٹی آئی اوربشریٰ بی بی کے خلاف خاورمانیکا نے اسلام آباد کی مقامی عدالت سے رجوع کرلیا۔

سول جج قدرت اللہ کی عدالت نے بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاورمانیکا کا بیان قلمبند کیا۔

اسلام آباد کی عدالت میں دائر کی جانے والی اس درخواست میں خاور مانیکا نے کہا کہ بشریٰ بی بی سے 1989 میں نکاح ہوا، ہم دونوں خوشگوار ازدواجی زندگی گزار رہے تھے۔

خاور مانیکا کے مطابق متحدہ عرب امارات میں مقیم ان کی سالی نے 2014 میں پی ٹی آئی دھرنے کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی سے متعارف کروایا جو پیری مریدی کی آڑمیں ہمارے گھر داخل ہوئے اور میری عدم موجودگی میں بھی کئی بار ہمارے گھر آئے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ کچھ عرصہ بعد چیئرمین پی ٹی آئی نے ازدواجی زندگی میں مداخلت کی، اس دوران ذلفی بخاری بھی کئی مرتبہ عمران خان کے ہمراہ میرے گھر آئے۔

سول جج قدرت اللہ نے خاورمانیکا کا بیان قلمبند کرتے ہوئے سماعت 28 نومبرتک ملتوی کردی۔

دوران عدت نکاح کیس واپس

واضح رہے کہ گزشتہ روز جوڈیشل مجسٹریٹ قدرت اللہ نے دوران عدت نکاح کا کیس واپس لینے کی مدعی کی درخواست منظورکی تھی۔

اس سے قبل 12 اپریل 2023 کو اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کا نکاح پڑھانے والے مفتی سعید نے بیان ریکارڈ کروایا تھا۔

عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف غیرشرعی نکاح سے متعلق کیس 28 اپریل کو سماعت کے لیے مقرر تھا۔تاہم درخواست گزار محمد حنیف نے جلد سماعت کی استدعا کی تھی جسے اسی روز منظور کرلیا گیا۔

مفتی محمد سعید احمد کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ یکم جنوری 2018 کو عمران خان نے کال پر رابطہ کر کے کہا میرا نکاح بشریٰ بی بی سے پڑھوا دو اور نکاح پڑھانے کے لیے لاہور جانا ہے۔

مزید پڑھیے

نیوٹرل سے کیسے نمٹنا ہے، بشریٰ بی بی کی مبینہ ڈائری میں تحریر منصوبہ سامنے آگیا

عمران خان اور بشریٰ بی بی کو عدت مکمل نہ ہونے کا علم تھا، عون چوہدری

مفتی محمد سعید خان کے مطابق ، ’عمران خان مجھے اپنے ساتھ لاہور کے علاقے ڈیفینس کی کوٹھی میں لے گئے جہاں بشریٰ بی بی کے ساتھ موجود ایک خاتون نے خود کو ان کی بہن ظاہر کیا۔ میں نے اس خاتون سے پوچھاکہ کیا بشریٰ بی بی کا نکاح شرعی طور پر ہوسکتاہے؟ جواب میں خاتون نے بتایاکہ بشریٰ بی بی کے نکاح کی تمام شرعی شرائط مکمل ہی اور ان کا نکاح عمران خان کے ساتھ پڑھایا جاسکتا ہے۔‘

انہوں نے بیان حلفی میں مزید کہا کہ یکم جنوری 2018 کو خاتون کی یقین دہانی پر عمران خان اور بشریٰ بی بی کا نکاح پڑھا دیا۔ عمران خان نے کہا کہ نومبر 2017 میں بشریٰ بی بی کو (سابقہ خاوند خاور مانیکا سے ) طلاق ہوئی تھی۔

bushra bibi

ٰImran Khan

Khawar maneka