Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی: راشد منہاس روڈ پر شاپنگ سینٹر کی تین منزلوں میں آتشزدگی، 11 افراد جاں بحق

آگ عمارت کی چوتھی، پانچویں اورچھٹی منزل پر لگی
اپ ڈیٹ 25 نومبر 2023 01:22pm
فوٹو — اسکرین گریب
فوٹو — اسکرین گریب
فوٹو — اسکرین گریب
فوٹو — اسکرین گریب
فوٹو — اسکرین گریب
فوٹو — اسکرین گریب

کراچی میں راشد منہاس روڈ پر واقع آر جے مال میں آگ لگنے کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق ہوگئے۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ عمارت کی چوتھی، پانچویں اور چھٹی منزل پر صبح ساڑھے 6 بجے لگی جس پرتقریباً ساڑھے 10 بجے قابو پایا گیا، اب شاپنگ سینٹرمیں کولنگ کا عمل جاری ہے۔

فائر بریگیڈ حکام نے بتایا کہ آگ بھجانے کے آلات اور ایمرجنسی اخراج کا راستہ عمارت میں موجود نہیں، عمارت چاروں جانب سے بند ہے، ہوا کے اخراج کا راستہ بند کئے جانے کے باعث ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

حکام نے مزید کہا کہ شاپنگ سینٹر کی چھٹی اور پانچویں منزل پر سرچنگ کا عمل مکمل کرلیا گیا، چوتھی منزل پر سرچنگ کا عمل جاری ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ آتشزدگی کے اس واقعے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے جب کہ شاپنگ سینٹر کی درجنوں دکانیں بھی جل چکی ہیں۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے آر جے میل کی تین منزلوں میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں 9 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔

جاں بحق افراد کی تعداد

آتشزدگی کے واقعے میں 11 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، 10 میتیں جناح اسپتال اور ایک کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

ایم ایس ڈاکٹر نسیم کا کہنا ہے کہ ایک لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جس کی شناخت 32 سالہ سلمان کے نام سے ہوئی۔

جاں بحق ہونے والوں میں 35 سالہ وہاج الدین ولد رحیم الدین، 20 سالہ بلال ولد آصف، 35 سالہ محمد یونس ولد محمد یوسف، 25 سالہ کریم بخش، 50 سالہ کاشف ولد انیس شامل ہیں۔

اس کے علاوہ دو افراد کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی جب کہ 8 افراد کی لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال کے مردہ خانے منتقل کردیا گیا ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ چھت پر رکھے جنریٹر کی وجہ سے لگی، عمارت کی بالائی منزل پر دھواں بھر جانے سے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

آگ پر قانو پانے کے لئے مزید دو فائر ٹینڈرز اور ایک اسنارکل موقع پر روانہ ہوئی تھیں جب کہ عمارت کے اندر کچھ افراد کے پھنسے ہونے کی بھی اطلاع تھی۔

ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق صبح ساڑھے 9 بجے ملینیم مال راشد منہاس روڈ پر ایک عمارت میں آتشزدگی کی اطلاع ملی جس کے پیش نظر کارپوریشن کے نیپا اور صفورہ ہائیڈرنٹ پر ایمرجنسی نافذ کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ سی ای او واٹر کارپوریشن کی ہدایت پر حادثے کے مقام پر پانی سے بھرے متعدد ٹینکرز روانہ کر دیے گئے اور انچارج ہائیڈرنٹس سیل فائر بریگیڈ حکام سے مکمل رابطے میں ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ آگ پر مکمل قابو پائے جانے تک کراچی فائر بریگیڈ کو پانی کے ٹینکرز فراہم کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا آر جے شاپنگ مال میں آتشزدگی کا نوٹس

نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے راشد منہاس روڈ پر واقع شاپنگ مال میں لگنے والی آگ کا نوٹس لیتے ہوئے حادثے میں اموات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

جسٹس (ر) مقبول باقر نے کہا کہ کوشش کی جائے زیادہ نقصان سے بچا جا سکے، لوگوں کے جان و مال کی ذمہ داری حکومت کی ہے، زخمیوں کو فوری طور طبی امداد فراہم کی جائے۔

عمارت میں کوئی ہنگامی راستہ نہیں تھا، میئر کراچی

میئرکراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے کہا کہ راشد منہاس روڈ عمارت میں لگنے والی آگ پرقابو پالیا گیا، کے ایم سی کے محکمہ فائر نے واقعے میں 9 اموات کی تصدیق کی ہے۔

انہوں نے آگ لگنے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ میتوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے، فائر بریگیڈ حکام نے درجنوں افراد کو بحفاظت ریسکیوکیا۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ عمارت میں ریسکیو کا عمل جاری ہے، عمارت میں کوئی ہنگامی راستہ نہیں تھا، واقعہ کی مکمل تحقیقات کی جائیگی۔

karachi

fire brigade

Rashid Minhas Road

Shopping Mall Fire