Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

غزہ کے زخمیوں کو پاکستان میں علاج کی پیشکش کردی، نگراں وزیر خارجہ

آزاد فلسطینی ریاست ہی اس مسئلے کا حل ہے، جلیل عباس جیلانی
اپ ڈیٹ 24 نومبر 2023 03:07pm
فوٹو — اسکرین گریب
فوٹو — اسکرین گریب

نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کا کہنا ہے کہ غزہ کے زخمیوں کو پاکستان میں علاج کی پیشکش کردی گئی ہے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا، اس موقع پر اظہار خیال پر کرتے ہوئے جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ غزہ کی صورت حال بہت گھمبیر ہے، غزہ میں 16 ہزار شہادتیں ہو چکی ہیں اور 40 ہزار افراد زخمی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں اسرائیل جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے، اقوام متحدہ میں اردن کی قرارداد اکثریت سے منظور ہوئی۔

جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا کہ حماس کے پاس 250 اسرائیلی قیدی ہیں جب کہ 7250 فلسطینی اسرائیل کے پاس قید ہیں۔

نگران وزیر خارجہ نے کہا کہ سیز فائر معاہدے کے تحت 50 اسرائیلیوں کو حماس رہا کرے گا، معاہدے کے تحت اسرائیل 150 فلسطینیوں کو رہا کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل سمجھ رہا تھا شاید مسئلہ فلسطین دب جائے گا تاہم یورپ اور امریکا میں بھی فلسطینیوں کے حق میں جلوس نکالے گئے، البتہ آزاد فلسطینی ریاست ہی اس مسئلے کا حل ہے۔

جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی فورمز پر بھی کہا کہ اسرائیل نسل کشی کا مرتکب ہو رہا ہے، اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے جنگ بندی کی کوششیں کی، جنگ بندی کیلئے اسلامی ممالک بشمول پاکستان نے اسرائیل اور بین الاقومی برادری پر دباؤ ڈالا۔

سینیٹ اجلاس میں نگراں وزیر خارجہ نے کہا کہ اردن اور مصر سے رابطے ہیں، انہیں کہا ہے کہ ہم زخمیوں کو پاکستان میں طبی سہولیات دینا چاہتے ہیں، مریض ائیر لفٹ کرنے کیلئے بھی اسرائیل کی اجازت درکار ہے، اسرائیل زخمیوں کی بھی اسکروٹنی کرتا ہے۔

دوسری جانب سینیٹ اجلاس میں وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے بتایا کہ 26 جولائی 2023 تک 11 ارب 46 کروڑ 69 لاکھ 37 ہزار 658 روپے موصول ہوئے، سرکاری سرمایہ کاری پر منافع کی صورت میں 6 ارب 29 کروڑ 59 لاکھ 38 ہزار 962 روپے حاصل ہوئے، یوں ڈیم فنڈز کے اکاؤنٹ سے کوئی رقوم نہیں نکالی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں:

7 ہفتے کی لڑائی کے بعد غزہ میں جنگ بندی شروع، آخری چند گھنٹوں میں گرفتاریاں اور بمباری

اسرائیلی فوج نے غزہ میں الشفاء اسپتال کے ڈائریکٹر کو گرفتار کر لیا

نگراں وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے سینیٹر مشتاق کے سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ پی سی آر ڈبلیو آر نے اپنی سہ ماہی رپورٹ میں پانی کے 20 برانڈز کو مضر صحت قرار دیا تھا، لائسنس یافتہ ان دو برانڈزکی پروڈکشن بند کی گئی، بقیہ برانڈ رجسٹرڈ نہیں تھے، مضر صحت اشیا تیار کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیا گیا۔

اس موقع پر ڈاکٹر دنیش کمار نے کہا کہ سنا ہے گورنر اسٹیٹ بینک کی تنخواہ 40 لاکھ ہے، جب کہ سینیٹر پلوشہ خان کا کہنا تھا کہ ایک سینیٹر کی تنخواہ ایک لاکھ 40 ہزار ہے۔

اس ضمن میں وزیر خزانہ شمشاد اختر نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومتی اجازت سے ایم پی اسکیل کی تنخواوں اور مراعات میں اضافہ کیا گیا ہے۔

سنیٹر مشتاق نے ایوان کو بتایا کہ سپریم کورٹ کے ایک ڈرائیور کی تنخواہ ہمارے ایک سینیٹر سے بھی ڈبل ہے، جس پر چیئرمین سینیٹ نے یہ معاملہ وزارت قانون کو بھیج دیا۔ بعد ازاں سینیٹ اجلاس پیر کی سہ پہر تین بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

Senate session

Israel Palestine conflict

JALIL ABBAS JILANI

Gaza War