Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

لاہور میں پارکنگ نہ کھولنے والوں کیخلاف سخت کارروائی اور جرمانے کا فیصلہ

32 مقامات پر عارضی تجاوزات کے مستقل خاتمے کے لئے کیمپس قائم
شائع 24 نومبر 2023 10:23am
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

پنجاب حکومت نے لاہور میں پارکنگ نہ کھولنے والوں کے خلاف سخت کارروائی اور جرمانہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کا اجلاس ہوا جس میں پارکنگ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ ہوا مقررمدت میں پارکنگ نہ کھولنے والے کو 10 ہزار روپے فی کنال جرمانہ ہوگا۔

ایل ڈی اے بلڈنگ اینڈ زوننگ قواعد و ضوابط میں ترامیم، ٹریفک کے مسائل حل کے لئے 7 چوراہوں پر یوٹرنز اور سلپ روڈز بنانے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔

ان کی حتمی منظوری سے قبل عارضی مشق کی جائے گی اور عارضی رکاوٹیں لگا کر ٹریفک کی آمد ورفت کو چیک کیا جائے گا۔

لاہورکے 32 مقامات پر عارضی تجاوزات کے مستقل خاتمے کے لئے کیمپس قائم کردیے گئے، نگراں پنجاب حکومت نے 26 مقامات پر روڈ انفراسٹرکچر میں بہتری کے اقدامات کی منظوری بھی دے دی۔

اجلاس میں کینال روڈ، ہربنس پورہ اور جلو کے درمیان پروٹیکٹڈ یوٹرنز بنانے، ٹیپا کے لیے پروموشن کمیٹیوں کی ازسرنو تشکیل کی منظوری دی گئی۔

اس کے علاوہ نگراں وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اتھارٹی کو لاہور گلوبل ویلج لیز پر دینے اور لاہورکی 9 سڑکوں کی کمرشلائزیشن کے لئے کنسلٹنٹ سروسز حاصل کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

lahore

mohsin naqvi

LDA

parking