Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ذاتی مقاصد کیلئے مایوسی پیدا کرنے والوں کو عوامی حمایت سے شکست دیں گے، پاک فوج

فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کا فلسطینیوں اور کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ
اپ ڈیٹ 23 نومبر 2023 08:20pm

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ذاتی مقاصد کے لیے ملک میں مایوسی پھیلانے والوں کو عوامی حمایت سے شکست دی جائے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی صدارت میں جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں 82 ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملکی داخلی اور خارجی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

فورم نے مسلح افواج کے افسران اور جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی شہریوں سمیت شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

کانفرنس میں فورم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنے والے تمام دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کے خلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔

کانفرنس کے شرکاء نے بھارتی فورسز کی طرف سے انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کی مذمت کی اور پاکستان کا کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔

فورم نے اس بات کا اعادہ بھی کیا کہ مسئلہ کشمیر کا دائمی حل صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حقِ خود ارادیت دینے میں ہے۔

فارمیشن کمانڈرز نے پاکستان کی جانب سے فلسطینی عوام کی مکمل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کا عزم دہرایا اور مسئلہ فلسطین کے معاملے پر پاکستان کے اصولی مؤقف کا اعادہ کیا کہ پاکستان فلسطین کے مسئلے پر دو ریاستی حل، جس کی بنیاد 1967 سے قبل کی سرحدوں پر ہے اورجس کا دارالحکومت القدس شریف ہے کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

کانفرنس کے شرکا نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز کے باوجود گزشتہ کچھ مہینوں میں پاکستان میں اضطراب اور غیر یقینی صورتحال میں کمی جبکہ امید، اعتماد اور استحکام میں اضافہ نظر آیا ہے۔

فورم نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ انشاء اللہ ذاتی مقاصد کے حصول کی خاطر مایوسی پیدا کرنے والے مخصوص عناصر کی کوششوں کو ثابت قدمی اور جاری شدہ مثبت اقدامات کے تسلسل کے ذریعے پاکستانی عوام کی مکمل حمایت کے ساتھ شکست دی جائے گی۔

فارمیشن کمانڈرز نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج پائیدار استحکام اور سلامتی کے سفر میں قوم کا دفاع اور خدمت جاری رکھے گی، غیور پاکستانی عوام پرعزم اور متحد رہیں۔

فورم کا مزید کہنا تھا کہ معیشت کی پائیدار بحالی، اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی، بجلی چوری، وَن ڈاکومنٹ رجیم کا نفاذ، غیر قانونی غیر ملکیوں کی باوقار وطن واپسی اور قومی ڈیٹا بیس کی حفاظت سمیت غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے حکومتی اقدامات کی مکمل حمایت جاری رکھی جائے گی۔

مزید پڑھیں

ریاست کے علاوہ کسی بھی گروہ کی مسلح کارروائی ناقابل قبول ہے، آرمی چیف

عسکری قیادت اپنی آئینی ذمہ داریاں نبھانے کیلئے پرعزم ہے، کور کمانڈرز کانفرنس

کانفرنس سے خطاب میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ابھرتے خطرات سے نمٹنے کے لیے فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں اور تربیت کے اعلیٰ معیار پر اِظہار اطمینان کیا۔

COAS

core commander conference

Army Chief General Asim Munir

General Syed Asim Munir

army cheif

82nd Formation Commander Conference