Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

چیئرمین پی ٹی آئی کی 3 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ملتوی

مجھے تو پتا ہی نہیں تھا کہ کیسز کی سماعت جیل میں ہورہی ہے، پراسیکیوٹر
اپ ڈیٹ 23 نومبر 2023 12:05pm
فوٹو — اے ایف پی
فوٹو — اے ایف پی

چیئرمین پی ٹی آئی کی 3 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کے دوران پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ مجھے تو پتا ہی نہیں تھا کہ کیسز کی سماعت جیل میں ہورہی ہے۔ عدالت نے کیس کی سماعت 28 نومبر تک ملتوی کردی۔

انسداد دہشتگردی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی تین اور شاہ محمود قریشی کی دومقدمات میں ضمانت کی درخواستوں میں تفتیشی افسر کی عدم دستیابی کے باعث سماعت 28 نومبر تک ملتوی کردی۔

اسلام آباد آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی کی 3 اور شاہ محمود قریشی کی 2 ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے سماعت کی۔

پراسیکیوٹر نے دلائل کیلئے مہلت دینے کی استدعا کی تو عمران خان کے وکیل علی بخاری نے اعتراض اٹھایا کہ گزشتہ سماعت پرعدالت نے آرڈر جاری کیا تھا اسٹیٹ آج دلائل دے گی۔

پراسیکیوٹر نے مؤقف پیش کیا کہ مجھے تو پتا ہی نہیں تھا کہ کیسز کی سماعت جیل میں ہورہی ہے، 8،8 ماہ تو ان کی وجہ سے تاریخ پڑتی رہی ہے۔

وکیل چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ عدالت نے گزشتہ سماعت پرآرڈر کیا تھا آج ہر حال میں فیصلہ ہوگا۔

پراسیکیوٹر نے کہا کہ یہ خود کہتے رہے اب ملزم کو بھی بلالیں ان کی موجودگی میں بحث ہو جائے گی،
عدالت اس کیس میں دلائل کیلئے ایک تاریخ دے دے۔

جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے کہا کہ میں دیکھ لیتا ہوں۔

شاہ محمود قریشی کی دوضمانت کی درخواستوں پروکیل علی بخاری نے کہا کہ شریک ملزمان کی ضمانت کنفرم ہوچکی ہیں، پراسیکیوشن کی وجہ سے ہم بھی برداشت کررہے ہیں۔

عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی ضمانت درخواستوں پر سماعت 28 نومبر تک کیلئے ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تھانہ کھنہ میں ایک اور تھانہ بہارہ کہو میں 2 مقدمات درج ہیں۔

imran khan

IMRAN KHAN IN JAIL