Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

’نوری میرا معجزہ ہے‘، نادیہ جمیل کا لے پالک بیٹی کی بینائی سے متعلق حیران کُن انکشاف

اداکارہ نے 3 ماہ کی نوری کو گودلیا تھا جب وہ نابینا تھی
شائع 23 نومبر 2023 10:35am
اسکرین گریب: نادیہ جمیل/انسٹاگرام
اسکرین گریب: نادیہ جمیل/انسٹاگرام

پاکستان شوبزانڈسٹری کی معروف اداکارہ و سماجی کارکن نادیہ جمیل نے اپنی لے پالک بیٹی ’نوری‘ کے ساتھ پیش آنے والے معجزانہ واقعے کا انکشاف کیاہے۔

نادیہ نے نوری کے ہمراہ ایک ٹی وی شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے نوری کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ مداحوں کے ساتھ شیئر کیا۔

شو کے میزبان نے جب اداکارہ سے نوری کے بچپن سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ’نوری میرا معجزہ ہے‘۔

نادیہ جمیل نے مزید کہا کہ ’30 سال قبل میں نے یتیموں کیلئے کام کرنے کا فیصلہ کیا تھا، میں نےکیس لالچ کی خاطر یتیموں کیلئے کام نہیں کیا۔ بہت سارے والدین اولاد نہ ہونے کی وجہ سے یتیم خانوں میں موجود ہوتے ہیں، وہ اولاد کے لیے تڑپ رہے ہوتے ہیں‘۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ جب ان کی نظر نوری پر پڑی تو وہ نابینا تھی لیکن پر اعتماد اور ہشاش بشاش تھی۔

مزید پڑھیں:

’میں بہت شرمندہ ہوں‘ نادیہ جمیل مسلم ممالک کے خلاف برس پڑیں

’آپ سچ میں بہت متاثرکُن ہیں‘ ، نادیہ جمیل کے مداحوں میں ثانیہ مرزا بھی شامل

اسی حوالے سے نادیہ جمیل نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’جب میں نے نوری کو دیکھا تو نوری 3 ماہ کی تھی، وہ نابینا تھی لیکن اتنی خوش تھی کہ میں یہ سوچنے پر مجبور ہوگئی کہ اگر یہ غلط ہاتھوں میں لگ گئی تو اس کی خوشی و اعتماد ہمارا معاشرہ چھین لے گا‘۔

اداکارہ نے نوری کو گود لینے سے متعلق مزید کہا کہ ’اس کو دیکھنے کے بعد میں نے فیصلہ کیا کہ میں اس کو گود لوں گی، ہماری بیٹی کی خواہش یوں پوری ہوگئی‘۔

نوری کی بینائی کی واپسی کا تہلکہ خیز واقعہ بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ڈاکٹروں نے کہا تھا کہ نوری کی ڈھائی سال کی عمر میں آنکھوں کی سرجریز ہوں گی۔ ڈاکٹروں نے ہمیں تین نئے آئی ڈراپس دیے تھے صرف تجربے کیلئے، ہم وہ استعمال کر رہے تھے۔ میں لندن میں تھی اپنے بیٹوں کے ساتھ تو علی نے مجھے کال کی کہ نوری دیکھ سکتی ہے‘۔

ادکارہ نے مزید کہا کہ ’مجھے یقین نہیں آرہا تھا تو علی نے مجھے ویڈیو کال کی اور دکھایا کہ نوری دیکھ سکتی ہے۔ جس نے مجھے حیران کرڈالا‘۔

واضح رہے کہ نادیہ جمیل کو2020 میں بریسٹ کینسرکی تشخیص ہوئی تھی جس کا لندن میں کامیاب علاج ہوا اور اداکارہ کو2021 میں کینسر فری قرار دیا گیا۔

Pakistani Actress

lifestyle

blindness

social activist

Nadia Jameel

Adopted Daughter