Aaj News

بدھ, دسمبر 25, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی باردوی سرنگ سے ٹکرا گئی، 2 جوان شہید

شہداء میں لانس نائیک احسن بادشاہ اور ساجد حسین شامل ہیں، آئی ایس پی آر
شائع 22 نومبر 2023 11:31pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ آئی ایس پی آر
فوٹو۔۔۔۔۔۔ آئی ایس پی آر

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے کی گاڑی دہشت گردوں کی نصب کردہ باردوی سرنگ سے ٹکرا گئی، دھماکے کے نتیجے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے کی گاڑی دہشت گردوں کی نصب کردہ آئی ای ڈی سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 2 جوان جام شہادت نوش کرگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں کرک کے 33 سالہ لانس نائیک احسان بادشاہ اور کرم کے 30 سالہ لانس نائیک ساجد حسین شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود کسی بھی دہشت گرد کے خاتمے کے لئے سینی ٹائزیشن آپریشن بھی کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

جنوبی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ، 2 اہلکار جاں بحق

دوسری جانب جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملے کے نتیجے میں 2 اہلکار جاں بحق ہوگئے۔

جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملے میں موقع پر موجود الیکٹریشن رائیس، لانس نائیک عمر حیات جاں بحق ہوگئے۔

حملے میں سپاہی گل، نائیک رفیع زمان، نائیک نظیرعلی اور نائیک زمان زخمی ہوگئے، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

نگراں وزیرِاعظم پاک فوج کے قافلے پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت

نگراں وزیرِاعظم انوار الحق کاکڑ نے شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں پاک فوج کے قافلے پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی ہے۔

نگراں وزیراعظم نے 2 جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

انوار الحق کاکڑ نے شہید لانس نائیک احسان بادشاہ اور لانس نائیک ساجد حسین کے اہلخانہ سے اظہارِ ہمدردی کیا اور شہداء کی بلندیِ درجات اور سوگواران کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

نگراں وزیرِاعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے ملک سے خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، پاک فوج اوراداروں کی ملک کی بقاء کی خاطر قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہداء اور ان کے اہلِ خانہ پر فخر ہے۔

آصف زرداری کی سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے کی مذمت

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے کی مذمت کی۔

آصف علی زرداری نے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سابق صدر کی شہداء کے خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

فورسز پر حملے کرنے والے ملک دشمن عبرت ناک انجام کو پہنچیں گے، بلاول

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے فورسز کے جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ فورسز پر حملے کرنے والے ملک دشمن عبرت ناک انجام کو پہنچیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے شہداء کے خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

ملکی بقاء کی خاطر پاک فوج کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، اسپیکر قومی اسمبلی

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں پاک فوج کے قافلے پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے 2 جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے شہید لانس نائیک احسان بادشاہ اور شہید لانس نائیک ساجد حسین کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہارِ کیا اور شہداء کے بلندیِ درجات اور سوگواران کے لیے صبر جمیل کی دعا۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ملکی بقاء کی خاطر پاک فوج کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، پوری قوم کو اپنے شہداء اور ان کے اہلِ خانہ پر فخر ہے۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کی سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملے کی مذمت

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بھی شمالی وزیرستان کے علاقے زرمک میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملے کی مذمت کی ہے۔

محسن نقوی نے شہید لانس نائیک احسان بادشاہ اور ساجد حسین کی قربانی کو خراج عقیدت کیا اور شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ شہید اہلکار قوم کے ہیرو ہیں، ان کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں، پاک وطن کے بہادر جوانوں نے شہادت کا بلند مقام پایا۔

ISPR

North Waziristan

pakistan army

security forces

IED blast

Grenade Explosion