Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

اینٹی نارکوٹکس فورس کا حنیف عباسی کی بریت سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ

ٹرائل کورٹ نے حنیف عباسی کو عمر قید کی سزا سنائی تھی
شائع 22 نومبر 2023 04:00pm
حنیف عباسی (فوٹو:فائل)
حنیف عباسی (فوٹو:فائل)

اینٹی نارکوٹکس فورس نے مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی کی بریت چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور سپریم کورٹ میں درخواست بھی دائر کردی ہے۔

18 اکتوبر کو لاہور ہائی کورٹ نے ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں سابق وفاقی وزیر حنیف عباسی کی سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے کیس سے بری کردیا تھا۔ جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس اسجد جاوید گھرال پر مشتمل بینچ نے ایفی ڈرین کوٹہ کیس کا فیصلہ سنایا۔

اب اینٹی نارکوٹکس فورس نے حنیف عباسی کی بریت سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ چیلنج کرنے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔

اے این ایف کے وکیل نے کیس کی تیاری اور متعلقہ دستاویزات حاصل کرنے کیلئے سپریم کورٹ سے مہلت طلب کی، جس پر رجسٹرارآفس نے اے این ایف کو اپیل دائر کرنے کیلئے مزید 14روز کی مہلت دے دی۔

واضح رہے کہ ٹرائل کورٹ نے 21 جولائی 2018 کو حنیف عباسی کو 25 سال قید، 10 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی تھی، تاہم لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے 11 اپریل 2019 کو حنیف عباسی کی سزا معطل کرکے انہیں رہا کر دیا تھا۔

حنیف عباسی نے سزا کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں اپیل دائر کر رکھی تھی، جس پر 18 اکتوبر 2023 کو لاہور ہائی کورٹ نے ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں سابق وفاقی وزیر حنیف عباسی کی سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے کیس سے بری کرنے کا حکم دیا تھا۔