Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

پیپلزپارٹی کی مرکزی قیادت نے پنجاب بھر کے صدور و جنرل سیکرٹریز کو طلب کر لیا

قیادت کو پنجاب میں مضبوط امیدواروں کی فہرست بھی پیش کی جائے گی
شائع 21 نومبر 2023 02:06pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے پنجاب کے تمام ڈویژنز کے صدور اور جنرل سیکرٹریز کو اسلام آباد طلب کر لیا ہے، قیادت کو پنجاب میں مضبوط امیدواروں کی فہرست بھی پیش کی جائے گی۔

عام انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے بعد ملک بھر میں سیاسی جماعتوں کی جانب سے انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں، اور سیاسی جوڑ توڑ بھی سامنے آرہے ہیں، چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری حالیہ دنوں میں خیبر پختون خوا میں موجود ہیں اور شہر شہر جلسے کررہے ہیں، اور اب پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے پنجاب میں پارٹی کی کارکردگی کو تیز بنانے کی تیاری شروع کردی ہے۔

آصف زرداری نے پنجاب کے تمام ڈویژن کے صدور اور جنرل سیکرٹریز کو اسلام آباد طلب کرلیا ہے، اور ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کے تمام عہدیداران کی آج شام مرکزی قیادت سے ملاقات ہوگی۔

ذرائع نے بتایا کہ رانا فاروق سعید، حسن مرتضی، شہزاد سعید چیمہ، ثمینہ گھرکی، اسلم گل، نرگس خان، سونیا خان اسلام آباد روانہ ہوچکے ہیں، جب کہ وسطی پنجاب کے ڈویژنل صدور بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا، اور پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت کو پنجاب میں مضبوط امیدواروں کی فہرست بھی پیش کی جائے گی، پیپلز پارٹی پنجاب اور لاہور کی تنظیموں کی کارکردگی بھی مرکزی قیادت کے سامنے رکھی جائے گی، جب کہ ملاقات میں پنجاب میں ورکرز کنونشن کرنے کے حوالے سے بھی تجاویر پیش کی جائیں گی۔

Bilawal Bhutto

PPP

Bilawal Bhutto Zardari

Asif Zardari

Pakistan People's Party (PPP)