Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ورلڈ کپ ٹرافی پر مچل مارش کے پاؤں، ’بھارتی ہر چیز کو جذباتی بنا دیتے ہیں‘

ٹرافی کو پاؤں کے نیچے رکھنے پر آسٹریلوی کھلاڑی کو سخت ردعمل کا سامنا
شائع 20 نومبر 2023 11:36pm

آسٹریلیا نے گزشتہ روز اتوار کو کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر بہت سے بھارتی کرکٹ شائقین کے دل توڑ دیے جس کے بعد آسٹریلیا 6 مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے والی واحد ٹیم بن گئی۔

شکست کے بعد جہاں انڈین کرکٹ شائقین صدمے سے دوچار تھے وہیں ایک تصویر نے انہیں مزید ’پریشان‘ کر دیا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ​​ٹوئٹر) پر ایک تصویر وائرل ہوئی ہے جس میں آسٹریلوی کرکٹر مِچل مارش کو ورلڈ کپ ٹرافی پر اپنے پاؤں رکھ کر آرام کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

تصویر میں مارش ایک صوفے پر ٹانگیں پھیلا کر بیٹھے نظر آ رہے ہیں اور ان کے پیروں کے نیچے ورلڈ کپ ٹرافی ہے۔

یہ تصویر ابتدائی طور پر آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے انسٹاگرام سٹوری پر شیئر کی جہاں سے وہ کئی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہوئی۔

یہ تصویر ہوٹل کے کمرے کی دکھائی دیتی ہے جہاں آسٹریلوی ٹیم بیٹھی ہوئی تھی اور اپنی جیت کا جشن منا رہی تھی۔

اس تصویر پر انڈین سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔

ایک صارف نے لکھا کہ ’آپ ورلڈ کپ کھیل کر ٹرافی تو حاصل کر سکتے ہیں مگر ٹرافی کی عزت نہیں کرسکتے۔‘

ایک اور ٹوئٹ میں ابھینیو شُکلا نے لکھا کہ ’ایسا انسان ٹرافی کا حق دار نہیں ہو سکتا۔‘

ایک اور بھارتی کرکٹ فین ستیش نے ٹوئٹ میں سابق انڈین کپتانوں کی ٹرافیز کے ساتھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’جو ٹرافی کا حق دار نہیں، انہیں ٹرافی مل گئی، ورلڈ کپ ٹرافی کی عزت کرنا سیکھیں، انڈین فینز سے اس ٹرافی کی قدر پوچھیں۔‘

ایک اور صارف دِویا کَھنہ نے اپنی ٹوئٹ میں مچل مارش اور روہت شرما کی وائرل تصاویر شیئر کرتے ہوئے موازنہ کیا کہ ’جب کوئی چیز حاصل ہوجائے تو اس کی قدر یہ رہ جاتی ہے اور جب آپ کو چیز چاہیے ہو تو کیا صورتحال ہوتی ہے۔‘

جہاں کچھ بھارتی فینز آسٹریلوی ٹیم کو شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے تھے وہیں کچھ شائقین نے آسٹریلوی پلیئر کی وائرل تصویر کا دفاع بھی کیا۔

ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ انڈینز ہر چیز کو بہت جذباتی بنا دیتے ہیں، ضروری نہیں کہ ہر ملک کے لوگ ایسا ہی کریں، یہ ان کی ٹرافی ہے وہ اس کے ساتھ جو مرضی کریں۔

مزید پڑھیں

سوشل میڈیا پر میمز طوفان، بھارت کی ہار پر پاکستانیوں کی خوشی کا ٹھکانہ نہ رہا

بھارت کی ہار، بھارتیوں نے مودی کو ’پنوتی‘ قرار دے دیا

ورلڈکپ میں بری طرح ناکام ہونے والوں میں کون کون سے کھلاڑی شامل؟

india

Australia

Ahmedabad

india vs australia

ODI World Cup

world cup 2023

ICC ODI WORLD CUP 2023

ICC WORLD CUP 2023

Australia won ODI World Cup 2023