Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

18ویں ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ پر نظرثانی، ن لیگ نے خبروں کی تردید کردی

نہ تو ایسی کوئی تجویز موصول ہوئی اور نہ ہی کوئی بات چیت ہوئی، سینیٹر عرفان صدیقی
اپ ڈیٹ 20 نومبر 2023 09:24pm

پاکستان مسلم لیگ (ن) کا کہنا ہے کہ وہ 18ویں ترمیم یا نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ پر نظرثانی کرنے پر غور نہیں کر رہی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی منشور کمیٹی کو کئی تجاویز موصول ہوئی ہیں، جن میں 18ویں ترمیم کو یکسر تبدیل کرنے سے لے کر صوبوں کے درمیان مالی وسائل کی تقسیم کے طریقہ کار کو تبدیل کرنا شامل ہے۔

اخبار کے مطابق مسلم لیگ (ن) اِس آئینی شق میں ترمیم کرنے اور اسے اپنے منشور کا حصہ بنانے کے وعدے کے ساتھ انتخابی مہم میں اترنے کے لیے تیار ہے، پارٹی کا منشور اگلے ماہ منظر عام پر لایا جائے گا۔

تاہم، ن لیگ کی جانب سے جاری بیان میں پارٹی کی منشور کمیٹی کے سربراہ سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ، ’ہمیں 18ویں ترمیم یا این ایف سی ایوارڈ پر نظرثانی کے لیے نہ تو کوئی تجویز موصول ہوئی اور نہ ہی کوئی بات چیت ہوئی۔‘

پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر صدیقی نے ایک انگریزی روزنامے میں شائع ہونے والی خبر کی تردید کی جس میں کہا گیا تھا کہ پارٹی ایسی تجاویز پر غور کر رہی ہے۔

کمیٹی سربراہ نے کہا کہ میری معلومات کے مطابق اس معاملے پر کبھی کسی پارٹی میٹنگ میں بات نہیں ہوئی اور نہ ہی پارٹی قیادت نے اس حوالے سے مینی فیسٹو کمیٹی کو کوئی ہدایات دی ہیں۔

سینیٹر صدیقی نے مزید کہا کہ مینی فیسٹو کمیٹی کی 31 ذیلی کمیٹیوں میں سے کسی کو بھی ایسی کوئی سفارش موصول نہیں ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کمیٹیاں قومی مسائل کے حل کے لیے عوام اور مختلف ماہرین سے قابل قدر ان پٹ حاصل کر رہی ہیں۔

سینیٹر عرفان صدیقی کے مطابق یہ ذیلی کمیٹیاں تندہی اور جوش و خروش سے اپنے کام میں مصروف ہیں۔ اس جوش و خروش کو دیکھتے ہوئے سفارشات کو حتمی شکل دینے کی آخری تاریخ 30 نومبر تک بڑھا دی گئی ہے۔

18th amendment

PAKISTAN MUSLIM LEAGUE (PMLN)

Senator Irfan Siddiqui

National Finance Commission (NFC) Award