والد کا انتقال، شعیب ملک انٹرویو کے دوران جذباتی ہوگئے
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان و کھلاڑی شعیب ملک انٹرویو کے دوران والد کی وفات سے متعلق گفتگو کرتے وقت جذباتی ہوگئے۔
حال ہی میں انہوں نے فخر عالم کے پوڈکاسٹ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے نجی زندگی کے علاوہ اپنے والد کے بچھڑنے کے تکلیف دہ لمحات کا تذکرہ بھی کیا۔
میزبان کی جانب سے والد کی وفات سے متعلق سوال پر شعیب ملک آبدیدہ ہوگئے، انہوں نے اس تکلیف دہ لمحے کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ’2006 کی بات ہے، فیصلہ آباد میں بھارتی ٹیم ٹیسٹ میچ کیلئے پاکستان آئی ہوئی تھی‘۔
سابق کپتان نے آبدیدہ ہوتے ہوئے کہا کہ ’وہ کافی بیمار تھے، ان دِنوں وہ ہسپتال میں داخل تھے۔ وہ یہ چاہتے تھے کہ میں سیریز ہر گز نہ چھوڑوں، کیونکہ یہ ان کی خواہش تھی کہ میں پاکستان سے کھیلوں‘۔
اس تکلیف دہ لمحے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’میں ان دنوں فیصلہ آباد میں تھا، میں اوپنر کے طور پر کھیل رہا تھا، رات 2 بجے مجھے اطلاع ملی کے والد صاحب کی طبعیت کافی خراب ہے، میں جب ان کے پاس سیالکوٹ پہنچا تو وہ مجھے وہاں دیکھ کر کافی ناراض ہوئے تھے‘۔
شعیب ملک کے مطابق وہ اپنے والد کے اسرار کرنے پر دوبارہ سیریز کھیلنے فیصلہ آباد گئے اور اگلے دن ان کو والد کی وفات کی خبر ملی۔
شعیب ملک کے مطابق ان کے والد کے بچھڑنے کی خبر ان کی بہن نے ان کو دی تھی، جس کے بعد وہ خود پر قابو نہ رکھ سکے تھے۔
انٹرویو کے دوران شعیب ملک نے یہ بھی انکشاف کیا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم سے کھیلنے کیلئے ان کے والد نے ان کا بہت ساتھ دیا تھا۔
شعیب ملک کا شمار دنیائے کرکٹ کے بڑے ناموں میں ہوتا ہے۔ شعیب ملک اپنی کامیابیوں کے علاوہ اپنی نجی زندگی کی وجہ سے بھی ہمیشہ سرخیوں میں رہے ہیں۔
Comments are closed on this story.