Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

آرمی چیف نے علماء سے بلٹ پروف شیشے کے پیچھے سے ملاقات کی؟

مولانا طاہر اشرفی نے ملاقات کی حقیقت بیان کردی۔
اپ ڈیٹ 22 نومبر 2023 07:31am

گزشتہ روز علماء اور مشائخ نے آرمی چیف جنرل عاصؐ منیر سے ملاقات کی، اس دوران سوشل میڈیا پر آرمی چیف کی ایک تصویر وائرل ہوئی، جس پر انہیں کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

وائرل تصویر کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا کہ آرمی چیف نے علماء سے بلٹ پروف شیشے کے پیچھے سے ملاقات کی۔

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ ’سپہ سالار کا اپنے ہی ہیڈ کواٹر میں بلٹ پروف شیشے کے پیچھے کھڑا ہونا بہت سے سوالات کو جنم دے رہا ہے‘۔

تاہم، مولانا طاہر محمود اشرفی نے سوشل میڈیا پر وائرل اس خبر کی سختی سے تردید کی ہے کہ آرمی چیف نے ملاقات کے دوران بلٹ پروف شیشہ استعمال کیا۔

طاہر اشرفی نے اپنے ویڈیو بیان میں ملاقات کا احوال بتاتے ہوئے کہا کہ ’گزشتہ روز سپاہ سالارِ قوم محترم جناب جنرل حافظ سید عاصم منیر صاحب علماء و مشائخ سے ملاقات کی، اس دوران نمازہ جمعہ کا وقفہ جب ہوا تب بھی وہ علماء سے ملے، اور جب اجتماع یعنی میٹنگ ختم ہوئی تب ایک ایک جو وہاں پر شخصیت آئی ہوئی تھی، ان سے ہاتھ بھی ملایا بات چیت بھی کی، انہوں نے کوئی مشورہ یا مسئلے مسائل بتائے وہ بھی سنے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ بددیانتی اور جھوٹ کی اس وقت جو کیفیت ہے وہ یہ ہے کہ ایک تصویر کو لے کے پورے سوشل میڈیا پر پھیلایا جارہا ہے کہ حافظ صاحب سے ملاقات کے دوران علماء اور چیف آف دی آرمی اسٹاف کے درمیان بلٹ پروف شیشہ لگا ہوا تھا‘۔

مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ ’میں اس پر یہی کہوں گا کہ جھوٹوں پر خدا کی لعنت، کچھ شرم ہونی چاہیے کچھ حیا ہونی چاہیے، اس طرح کی بات کرتے ہوئے اس طرح کا پراپیگنڈا کرتے ہوئے، یہ بیرونی لوگ کریں جو ہمارے دشمن ہیں، ان کی تو سمجھ آتی ہے، لیکن ہمارے ملک کے اندر رہنے والے اس طرغح کی حرکتیں کریں تو ایف آئی اے کی بھی ذمہ داری ہے کہ ایسے لوگوں کو گرفتار کرے، ان کے خلاف ایکشن لے، ہماری بھی ذمہ داری ہے کہ ہم قوم کو حقیقت حال سے آگاہ کریں، اللہ تبارک وتعالیٰ ہم سب پر اپنا رحم فرمائے اور یہ جو گمراہ صفت لوگ ہیں، ان کو ہدایت نصیب فرمائے‘۔

ایک سوشل میڈیا صارف نے بھی واضح کیا کہ آرمی چیف کے سامنے تصویر میں جو شیشہ نظر آرہا ہے وہ ٹیبل کا ہے۔

Maulana Tahir Mahmood Ashrafi