پشاور: بڈھ بیر میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 4 دہشت گرد ہلاک
بڈھ بیر میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، مارے گئے تمام دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کو انتہائی مطلوب تھے، جب کہ ڈی آئی خان میں فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک جوان شہید ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے پشاور کے علاقہ بڈھ بیر میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا گیا جس میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں ہائی ویلیو ٹارگٹ، دہشت گرد کمانڈر سمیع اللہ عرف شینے بھی شامل ہے، جب کہ دہشت گرد کمانڈر سلمان عرف احمد، عمران عرف محمد اور دہشت گرد حضرت عمر عرف خالد بھی مارے جانے والوں میں شامل ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ تمام دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کو انتہائی مطلوب تھے، آپریشن کے ہتھیار، گولیاں اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔
دوسری جانب آئی ایس پی آر کے مطابق ڈی آئی خان کےعلاقے کلاچی میں انٹیلی جنس بیسڈآپریشن کیا گیا، اور دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں لانس نائیک محمد اعجاز خان شہید ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کی تلاش اور خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز وطن سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔
Comments are closed on this story.