Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

بھارت نے ہماری بنائی ہوئی پالیسیوں کو اپنا کر معاشی ترقی حاصل کی، نواز شریف

ہم نے پالیسیاں بنائیں تو خزانہ بھرنا شروع ہوگیا، سابق وزیراعظم
اپ ڈیٹ 16 نومبر 2023 09:09pm
فوٹو:فائل۔ اسکرین گریپ
فوٹو:فائل۔ اسکرین گریپ

قائد مسلم لیگ ن نوازشریف کا کہنا ہے کہ ہم نے پالیسیاں بنائیں تو خزانہ بھرنا شروع ہوگیا، ہمارے دور کی ترقی اور پالیسی جاری رہتی تو ڈالر 40 یا 50 روپے کا ہوتا۔

لاہور چیمبر آف کامرس کے عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کی معاشی مشکلات کو سمجھتے ہیں، آپ سے ہمیشہ مشاورت کی ہے اور مشاورت سے ہی آگے بڑھیں گے، ہماری بنائی پالیسیوں سے پاکستان کی کاروباری برادری نے بھرپور عمل کیا، ہماری بنائی پالیسیوں کو بھارت نے اپنایا اور معاشی ترقی حاصل کی۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانا بھی بہت بڑی ذمہ داری تھی جو ہم نے پوری کی۔ شہبازشریف صاحب کی تقریر تیار تھی، شام کو ”سٹیپ ڈاؤن“ کرنا تھا، چند گھنٹے پہلے میں نے ان سے کہا کہ انہوں نے الٹی میٹم دیا ہے، دھمکی دی ہے، الٹی میٹم کے سامنے آپ نے کھڑے ہونا ہے، ملک ڈیفالٹ کی طرف جارہا ہے آپ کھڑے ہوجائیں اور ہم نے سٹیپ ڈاؤن نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ 1990 کے بعد ہم نے کاروبار کو روایتی دائروں سے آزادی دلائی، ہم نے پالیسیاں بنائیں تو خزانہ بھرنا شروع ہوگیا۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ عوام کو مہنگائی،غربت سے نجات دلانا ہماری ذمہ داری ہے، ہمارے دور کی ترقی اور پالیسی جاری رہتی تو ڈالر 40 یا 50 روپے کا ہوتا، آج حالت یہ ہو گئی ہے کہ ایک ایک ارب ڈالر کے لئے محتاج ہو گئے ہیں، ہمارے دور میں سوا چھ فیصد پالیسی ریٹ تھا، آج 22 فیصد پر ہے، اس پالیسی ریٹ سے کون کاروبار کر سکتا ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے خود پارلیمنٹ اور وزرائے اعظم کے ساتھ نا انصافیاں کیں، اور پھر ملک کس کے حوالے کر دیا گیا، روپیہ، معیشت اور نظام تباہی کا شکار ہو گیا، بلوں میں اضافہ ہو گیا، پانچ پانچ گنا قیمتوں میں اضافہ ہو چکا ہے۔

Nawaz Sharif

nawaz sharif returns 2023