آئی ایم ایف معاہدہ ہوتے ہی ڈالر کی قیمت میں کمی
انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت میں کمی آنا شروع ہوگئی۔
کاروباری ہفتے کے چوتھے روز ملکی تبادلہ منڈیوں میں ٹریڈنگ کے دوران ڈالر ایک روپے 68 پیسے کمی کے بعد 286 روپے 46 پیسے پر آگیا تھا۔ تاہم آخر میں انٹربینک میں ڈالر 77 پیسے کی کمی سے 287 روپے 38 پیسے پر بند ہوا۔
گزشتہ روز انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت 27 پیسے اضافے سے 288 روپے 14 پیسے ریکارڈ کی گئی تھی۔
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) وفد اور پاکستانی معاشی ٹیم نے گزشتہ روز 9 ماہ کے 3 ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ (ایس بی اے) کے تحت پہلے جائزے پر عملے سطح کا معاہدہ کیا ہے۔
آئی ایم ایف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آئی ایم ایف اسٹاف اور پاکستانی حکام نے پاکستان کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ (ایس بی اے) کے تحت پہلے جائزے پر عملے سطح کا ایک معاہدہ کیا جو آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری سے مشروط ہے
ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد پاکستان کو 528 ملین اسپیشل ڈرائنگ رائٹس (ایس ڈی آر) (تقریباً 70 کروڑ امریکی ڈالر) تک رسائی حاصل ہوگی۔
آئی ایم ایف کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستانی حکام نے وعدہ کیا ہے کہ وہ توانائی کے شعبے میں اخراجات کم کرنے کے لیے اصلاحات کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں:
مالیاتی ادارے کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کرنسی کے تبادلے کے ریٹ کے تعین کا معاملہ دوبارہ مارکیٹ پر چھوڑنے، سرمایہ کاری اور ملازمت کے مواقع پیدا کرنے کے لئے سرکاری اداروں اور گورننس کی اصلاحات کرنے کا بھی وعدہ کیا ہے۔
Comments are closed on this story.