انٹرکامرس ریگولر کے نتائج کا اعلان، تینوں پوزیشنز لڑکیاں لے اُڑیں
اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ حصہ دوم کے سالانہ امتحانات برائے 2023 کے کامرس ریگولر گروپ کے نتائج کا اعلان کر دیا۔
ناظم امتحانات انٹر بورڈ ظہیر الدین بھٹو نے نتائج کی تفصیلات بتائے ہوئے کہا کہ کامرس ریگولر گروپ کے امتحانات میں پہلی پوزیشن کامکس کالج کی طالبہ سیلینا بوڈانی بنت دلیپ کمار رول نمبر 220232 نے ٹوٹل 1100میں سے 988 نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ حاصل کی۔
دوسری پوزیشن بھی کامکس کالج کی طالبہ عشبہ علی بنت سید محمد علی رول نمبر 220238 نے 981 نمبرز اے ون گریڈ لے کر دوسری جبکہ تابانیز کالج نارتھ ناظم آباد کیمپس کی طالبہ اصباح سعید بنت محمد سعید طالب رول نمبر 228285 نے 978 نمبرزاے ون گریڈ کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کامرس ریگولر گروپ کے امتحانات میں 37 ہزار 82 امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی جبکہ 36 ہزار 604 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جس میں سے 17 ہزار 312 امیدوار کامیاب قرار پائے، اس طرح کامیابی کا تناسب 47.30 فیصد رہا۔
ان امتحانات میں 313 امیدوار اے ون گریڈ، 1553 اے گریڈ، 3803 بی گریڈ، 6640 سی گریڈ، 4619 ڈی گریڈ اور 384امیدوار ای گریڈ میں کامیاب ہوئے جبکہ نتائج بورڈ کی ویب سائٹ www.biek.edu.pk پر بھی اپ لوڈ کردیئے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ طلباء اپنے نتائج اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی آفیشل اینڈرائڈ ایپ (Android App) کے ذریعہ بھی معلوم کر سکتے ہیں۔
اس اینڈرائڈ ایپ کو گوگل پلے اسٹور پر BIEK کے نام سے سرچ کر کے موبائل میں انسٹال کیا جاسکتا ہے۔ کامرس ریگولر گروپ کے نتائج کے مطابق 8 تعلیمی اداروں کے نتائج صفر فیصد رہے۔
صفر فیصد نتائج حاصل کرنے والے تعلیمی اداروں میں گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج شاہنواز شر گوٹھ، حسینی گورنمنٹ بوائز ہائیر سیکنڈری اسکول، ڈاکٹر ضیاء الدین انٹرمیڈیٹ کالج، علی انٹرمیڈیٹ کالج، ہمدرد کالج آف سائنس اینڈ کامرس، دی پیراڈائز کالج، حبیب اکیڈمی ہائیر سیکنڈری اسکول کورنگی ساڑھے پانچ اور تکبیر ہائیر سیکنڈری اسکول شامل ہیں۔
چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ پروفیسر نسیم احمد میمن نے اس موقع پر بتایا کہ اب جبکہ انٹرمیڈیٹ کے تمام گروپس کے نتائج کا اعلان ہوچکا ہے تو انٹربورڈ بہت جلد پوزیشن ہولڈرز طلباء کے اعزاز میں ایک بڑی تقریب منعقد کرے گا جہاں اہم شخصیات کے ہاتھوں سے طلبہ میں اسناد اور انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔
Comments are closed on this story.