’اپنے آپ کو پہلے عزت دیں‘، سُپر اسٹار ریما کی نوجوان اداکاروں کو تجویز
پاکستان فلمی دنیا کی نامور سُپر اسٹار ریما خان کی جانب سے ان کے کامیاب فلمی کیرئیر کی وجوہات سے پردہ اٹھادیا گیا۔
حال ہی میں انہوں نے ایک پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے ’اسٹارڈم‘ سے متعلق اظہارِ خیال کیا، شو میں انہوں نے اپنے کیرئیراور نجی زندگی سے متعلق گفتگو بھی کی۔
تین دہائیاں گزر جانے کے بعد بھی ریما خان کو آج بھی ان کے چاہنے والوں کی طرف سے خوب داد دی جاتی ہے۔
شو کے میزبان کی جانب سے جب فلمی اداکارہ سے ان کی پُرسکون شخصیت سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ’آسمان پرموجود ستارے کی اپنی چمک ہوتی ہے۔ جب وہ ستارہ قریب آجائے، اور جب آپ کو اس ستارے کی چمک کے پیچھے چھپے رازمعلوم ہوجائیں تو اس ستارے سے آپ کی کشش ختم ہوجائے گی‘۔
مزید پڑھیں:
’ہم دونوں نے چھپ کر شادی کی تھی‘ ، عثمان پیرزادہ کا بڑا انکشاف
بالی ووڈ اداکارہ تبو پاکستانی اداکار کی صاحبزادی نکلیں
سید جبران نے علیحدگی سے متعلق افواہوں پر خاموشی توڑ دی
فلمی اداکارہ نے خود کو ملنے والی مقبولیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ہر دور کی چیز اپنی جگہ اپنی اہمیت رکھتی ہے، اس چیز کی اپنی خوبصورتی ہوتی ہے‘۔
اپنے پُرسکون اور پُر کشش رہنے کی وجہ پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’میں تنقید نہیں کرتی، مجھے منفی بات نہ صرف کہنا بلکہ مجھے منفیت پھیلانا بھی اچھا نہیں لگتا ہے‘۔
ریما خان نے مزید کہا کہ ’اپنے لیے اہمیت خود بنانی پڑتی ہے، جب تک آپ اپنی اہمیت خود نہیں بنائیں گے تو کوئی دوسرا آپ کو اہمیت نہیں دے گا‘۔
نوجوان اداکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’سب سے پہلے اپنی عزت کرنا سیکھیں، اس کے بعد ہی آپ کو عزت ملتی ہے‘۔
ریما خان کا مزید کہنا تھا کہ ’اپنے آپ کو پہلے عزت دیں، اپنے آپ کو عزت آپ اپنے لباس، گفتگو اور کردار سے ہی دیتے ہیں۔ اس سے آپ اپنے دیکھنے والوں کو اپنی ویلیوز بتاتے ہیں‘۔
ریما خان کو پاکستان فلم انڈسٹری کی سُپر اسٹارکہا جاتا ہے، ان کو ایک دہائی تک پاکستان فلم انڈسٹری پر راج کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔
انہوں نے فلم اسٹار شان شاہد کے ساتھ اپنی پہلی فلم ’بلندی‘ سے فلمی دنیا میں قدم رکھا تھا، جو آگے چل کر ان کی شہرت کی وجہ بنی۔
Comments are closed on this story.