ہم اقتدار میں آتے ہیں توعوام کی زندگی آسان بناتے ہیں، نواز شریف
قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کا کہنا ہے کہ ہم اقتدار میں آتے ہیں توعوام کی زندگی آسان بناتے ہیں، عوام کو پوچھنا چاہئے کہ تبدیلی کہاں گئی۔
نوازشریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن بلوچستان کا اہم اجلاس کوئٹہ میں جاری ہے، شہباز شریف، مریم نواز اور دیگررہنما بھی شریک ہیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کا کہنا تھا کہ 400 چھوٹے چھوٹے ڈیمز بنائے تاکہ عوام کو پانی ملے، شہباز شریف کے بنائے دانش اسکولز میں بچوں کو داخلہ دیا، بلوچستان میں تعلیم کی بہترین سہولیات دینا چاہتے ہیں۔
نوازشریف کا کہنا تھا کہ باتیں کرنے والے بہت آئے، عملی طور پر کچھ نہیں کیا گیا، صرف ن لیگ نے کوئٹہ، گوادر، ژوب اورلورالائی کا سوچا، گوادر کو سندھ کے ساتھ ملایا، کوسٹل ہائی وے بنائی، کوئٹہ کو ڈی آئی خان کے ذریعے اسلام آباد سے ملا رہے ہیں، پاکستان کا سب سے بہترین ہوائی اڈہ گوادرمیں مکمل ہونے والا ہے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ 2018 میں مکمل ہونے والا منصوبہ کیوں مکمل نہ ہوا، یہ نقصان عوام کا ہوا، بلوچستان کا ہوا ،پاکستان کو ہوا، کچھ فرق تو ہے باتیں کرنے اور عمل کرنے والوں میں، کہاں گئی وہ تبدیلی؟ عوام کو پوچھنا چاہیے، کون کس نے کیا کیا ؟ بچوں کو بتانا چاہیے۔
قائد ن لیگ کا کہنا تھا کہ ہمارا ایجنڈا صرف سڑکوں، تعلیم، صحت تک محدود نہیں ہوگا، عوام کو بجلی کے مہنگے بلوں سے آزاد کرنا چاہتے ہیں، سولر پینلز کی اسکیم لائیں گے، صارفین کو سولرپینلز کے ذریعے مہنگی بجلی سے نجات دلائیں گے،
نواز شریف نے کہا کہ بغض، حسد، گندی زبان اور نفرت نے معاشرے کو گندا کیا، پارٹی ورکروں سے ملتا رہوں گا، قوم اچھے لوگوں کا ساتھ دے، ہمیں اقتدار نہیں چاہیے، ہمیں خوش حال پاکستان چاہیے، ہم ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں عوام کی زندگی آسان ہو، ہم اقتدار میں آتے ہیں توعوام کی زندگی آسان بناتے ہیں۔
Comments are closed on this story.