Aaj News

پیر, نومبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Awwal 1446  

71 کروڑ ڈالر کی دوسری قسط کیلئے آئی ایم ایف کے ساتھ پالیسی سطح کے مذاکرات مکمل

معاہدے کا ڈرافٹ آج تیار کیا جائےگا، ذرائع کا دعویٰ ہے آئی ایم ایف پاکستان کی معاشی پیشرفت سے مطمئن ہوگیا ہے
شائع 15 نومبر 2023 12:58am
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

پاکستان کو آئی ایم ایف سے دوسری قسط ملے گی یا نہیں؟ اس حوالے سے آئی ایم ایف جائزہ مشن کےساتھ پالیسی سطح کےمذاکرات مکمل ہوگئے ہیں۔ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان معاہدے کا ڈرافٹ آج تیار کیا جائےگا۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق پاکستانی حکام کے ساتھ پالیسی سطح کےمذاکرات مکمل ہونے کے بعد آئی ایم ایف وفد کل واپس روانہ ہوجائے گا۔

مذاکرات میں نگران وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر اور آئی ایم ایف کے مشن چیف ناتھن پورٹر نے اپنی اپنی ٹیم کی نمائندگی کی۔

مذاکرات کے حوالے سے ذرائع نے مزید بتایا کہ جائزے کی کامیابی پر پاکستان کو تقریباً 71 کروڑ ڈالر کی دوسری قسط ملے گی، اگر ملی تو یہ قسط ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے ساتھ دسمبر کے آغاز میں ادا کی جائے گی۔ پاکستان کو پہلی قسط کی مد میں ایک ارب 20 کروڑ ڈالر جولائی میں ملے تھے۔

اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف پاکستان کی معاشی پیشرفت سے مطمئن ہوگیا ہے، بیرونی فنانسنگ کے معاملے پر یو اے ای سفیر کی یقین دہانی قبول کرلی گئی ہے۔

پاکستان نے آئی ایم ایف کو شرح سود میں مزید اضافہ نہ کرنے پر منا لیا ہے۔ اسٹیٹ بینک کی جانب سے مانیٹری پالیسی کمیٹی کو کام کرنے کا بھرپور موقع فراہم کیا جائے گا، ٹیکس ہدف مکمل ہونے کے باعث منی بجٹ پیش نہیں کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق نگران حکومت غریب طبقات کیلئے سبسڈیز جاری رکھ سکے گی، جبکہ پاکستان نے مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کی یقین دہانی کرادی ہے۔ وفاق، صوبائی حکومتوں کا پلان آئی ایم ایف مشن کے حوالے کردیا گیا ہے۔

وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مہنگائی کو لگام ڈالنے کیلئے پرائس مانیٹرنگ کمیٹیاں مزید فعال کی جائیں گی، مہنگائی کی شرح کنٹرول کرکے شرح سود پر قابو کیا جائے گا۔

economic crisis

Monetary policy

IMF programme

Shamshad Akhtar