Aaj News

ہفتہ, نومبر 02, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

افغان وزیر نے دورہ پاکستان پر پناہ گزینوں کی جائیداد منتقلی کا معاملہ اٹھا دیا

افغان مہاجرین کی جائیدادوں کی افغانستان منتقلی اور متعلقہ امور پر تبادلہ خیال
اپ ڈیٹ 14 نومبر 2023 03:28pm
فوٹو — ایکس
فوٹو — ایکس

نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی اور افغان وزیر صنعت و تجارت الحاجی نور الدین عزیزی کے درمیان ملاقات ہوئی۔

افغان وزیر صنعت و تجارت الحاجی نور الدین وزارت خارجہ پہنچے، جہاں نگراں وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی نے افغان وزیر تجارت اور وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔

رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پاک افغان کے باہمی فائدہ مند تعلقات کے عزم کا اعادہ کیا گیا، اور دوطرفہ تجارت بالخصوص کراچی بندرگاہ پر پھنسے ہوئے افغان تاجروں کے سامان، افغان مہاجرین کی جائیدادوں کی افغانستان منتقلی اور متعلقہ امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

افغان وزیر نے دورہ پاکستان اس وقت کیا جب گزشتہ دنوں پاکستان نے کہا تھا کہ لاکھوں غیر قانونی افغان شہریوں کو ملک بدر کرنے کا اقدام طالبان کی زیر قیادت انتظامیہ کی جانب سے ملک میں حملے کرنے کے لیے افغانستان کا استعمال کرنے والے عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی کرنے سے انکار کا جواب ہے۔

اس ضمن میں طالبان حکام کا کہنا تھا کہ عسکریت پسندی پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے جب کہ افغان عبوری حکومت نے پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ افغان شہریوں کی ملک بدری روک دے۔

افغانستان واپس آنے والے افغان شہریوں نے کہا ہے کہ پاکستان سے افغانستان میں نقد رقم اور جائیداد کی منتقلی پر پابندیاں ہیں، جہاں بہت سے لوگوں نے دہائیوں سے کاروبار اور گھر تعمیر کیے ہیں۔

جلیل عباس جیلانی کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف اجتماعی کارروائی کے ذریعے علاقائی تجارت اور رابطوں کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق افغان وزیر تجارت منگل کو پاکستان اور ازبکستان کے نمائندوں کے ساتھ سہ فریقی اجلاس میں شرکت کریں گے، جس کا ایجنڈا واضح نہیں تھا لیکن تینوں ممالک جنوبی اور وسطی ایشیا کے درمیان تجارتی ٹرانزٹ اور ریلوے رابطوں کے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں جو افغانستان سے گزریں گے۔

اسلام آباد

JALIL ABBAS JILANI

afghan minister