Aaj News

جمعہ, نومبر 15, 2024  
12 Jumada Al-Awwal 1446  

انجلینا جولی کا پاکستان سے افغان مہاجرین کی بے دخلی پر افسوس کا اظہار

مجھے افسوس ہے کہ پاکستان ان مہاجرین کو اچانک واپس بھیج رہا ہے، انجلینا جولی
شائع 14 نومبر 2023 01:44am

ہالی ووڈ اداکارہ انجلینا جولی نے پاکستان سے افغان مہاجرین کی واپسی پر اپنی گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ہالی ووڈ اداکارہ اور انسانی حقوق کی سرگرم کارکن انجلینا جولی نے انسٹاگرام پر پاکستان میں غیرقانونی طور پر مقیم افغانیوں کی تصاویر شئیر کیں۔

تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ پاکستان کئی دہائیوں سے افغان مہاجرین اور ان کے خاندانوں کو پناہ دے رہا تھا، مجھے افسوس ہے کہ پاکستان ان مہاجرین کو اچانک واپس بھیج رہا ہے جہاں آج افغانستان میں لوگ زندہ رہنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، وہاں کی خواتین اپنے حقوق اور تعلیم تک رسائی سے محروم ہو گئی ہیں، بہت سے لوگوں کو جیلوں میں ڈالا جا رہا ہے، اور ایک سنگین انسانی بحران ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال دنیا بھر میں عالمی سطح پر انسانی حقوق کو نظرانداز کرنے کی ایک اور مثال ہے اور افغان عوام کے مسائل کی طویل تاریخ میں ایک نیا المیہ ہے جنہوں نے 40 سال سے زیادہ عرصے سے جنگ، تنازعات اور نقل مکانی کے سوا کچھ نہیں دیکھا، روشن مستقبل کے وعدوں کے باوجود ایسا لگتا ہے کہ دنیا اب افغان عوام کا ساتھ چھوڑ رہی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کے شروع میں نگران وفاقی حکومت نے پاکستان میں غیرقانونی طور پر مقیم 11 لاکھ غیرملکیوں کے انخلا کا فیصلہ کیا تھا جو دہشت گردوں کو فنڈز اور سہولیات سمیت دیگر غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔

Angelina Jolie

Afghan Refugees Returning