عروج آفتاب کو ایک بار پھر گریمی ایوارڈز میں 2 نامزدگیاں مل گئیں
پاکستانی نژاد امریکی گلوکارہ عروج آفتاب مسلسل تیسرے سال گریمی ایوارڈ 2024 کے لیے نامزد ہونے والی پہلی پاکستانی گلوکارہ بن گئیں ہیں، اس مرتبہ وہ دو کیٹیگریز میں نامزد ہوئی ہیں۔
عروج آفتاب نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر گریمی ایوارڈز کی نامزدگیوں کا اسکرین شاٹ شیئر کیا ہے۔
گلوکارہ کو’بیسٹ الٹرنیٹو جاز البم’ کے زمرے میں ان کے البم ’لو ان ایگزائل‘ کے لیے جبکہ ’بیسٹ کولیبریٹو میوزک پرفارمنس‘ کے زمرے میں ان کے گانے ’شیڈو فورسز‘ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ عروج آفتاب بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ پاکستانی گلوکارہ، میوزک کمپوزر اور پروڈیوسر ہیں جو کہ امریکا میں مقیم ہیں۔
گلوکارہ اس سے پہلے ایک بار دنیائے موسیقی کا یہ اعلیٰ ترین گریمی ایوارڈ اپنے نام کرچُکی ہیں، اُنہوں نے اپنے مشہور گانے’محبت’ کے لیے یہ ایوارڈ جیتا تھا۔
عروج آفتاب کے علاوہ 66ویں گریمی میں 7 بار نامزد ہونے کے ساتھ امریکی گلوکارہ ٹیلر سوفٹ گریمی ایوارڈ کیلئے سب سے زیادہ نامزد ہونے والی گلوکارہ بن گئی ہیں ۔
ٹیلر سوفٹ کو ’گریمی‘ کی تین بڑی کیٹگریز ’ریکارڈ آف دی ایئر، ایلبم آف دی ایئر اور سانگ آف دی ایئر‘ میں نامزد کیا گیا ہے۔
’گریمی ایوارڈز‘ جیتنے والوں کو آئندہ برس فروری کے شروع میں ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔
Comments are closed on this story.