پاک فضائیہ کے لڑاکا طیارے جے ایف 17 تھنڈر اور سپر مشاق نے دبئی ائیر شو میں دھوم مچا دی
پاک فضائیہ کا جے ایف 17 تھنڈر بلاک 3 لڑاکا طیارہ اور سپر مشاق طیارے دبئی ایئر شو 2023 میں حصہ لے رہے ہیں۔
دبئی ائیر شو میں سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کی خصوصی شرکت نے میگا ایونٹ کی اہمیت کو مزید بڑھا دیا ہے۔
پاک فضائیہ کے لڑاکا طیارے جے ایف 17 تھنڈر اور سپر مشاق نے دبئی ائیر شو میں دھوم مچا دی۔ طیاروں نے فضا میں شاندار پرواز کر کے رنگ بکھیرے اور فضائی کرتب دکھا کر سیاحوں کو حیرت میں ڈال دیا۔
دنیا بھر سے ایوی ایشن کمپنیوں کی شرکت نے دبئی ائیر شو کو یاد گار بنا دیا۔ پاک فضائیہ کے ائیر کمو ڈور محمد بابر کہنا تھا کہ دبئی ایئر شو میں سو سال پرانی کمپنیاں شریک ہیں اور اس انٹرنیشنل ائر شو میں جے ایف تھنڈر ااور سپر مشاق تمام جدید جنگی صلاحیتوں سے مزین ھونے کی وجہ سے مرکز نگاہ ہیں۔
انھوں نے کہا کہ یہ لڑاکا طیارے پاکستان کا افتخار ہیں اور کسی بھی مشکل میں قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔
ڈی جی پی آر- پی اے ایف نے اس حوالے سے ”ایکس“ پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاک فضائیہ دبئی ایئر شو 2023ء میں بھرپور شرکت کر رہی ہے جس میں اس کے انتہائی جدید جے ایف 17 تھنڈر بلاک 3 لڑاکا طیارے کے ساتھ ورسٹائل سپر مشاق طیارے بھی شامل ہیں۔
دبئی ایئر شو 13 سے 17 نومبر تک جاری رہے گا۔ پہلی بار کسی بین الاقوامی ایئر شو میں پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر بلاک تھری طیارے کی شرکت ہے جو پاکستان کے جدیدیت اور ہوابازی کے شعبے میں بہترین کارکردگی کے عزم کی علامت ہے۔
ایکس پیغام میں مزید کہا گیا کہ یہ تاریخی شرکت پاک فضائیہ کے لیے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے جو عالمی سطح پر اپنی جدید ترین ایوی ایشن صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتی ہے۔
Comments are closed on this story.