Aaj News

جمعرات, ستمبر 19, 2024  
14 Rabi ul Awal 1446  

بشریٰ بی بی کے سابق شوہرخاور فرید مانیکا کی رہائی کا حکم

عدالت کا درخواست گزارکوایک لاکھ کےمچلکے جمع کرانے کا حکم
اپ ڈیٹ 13 نومبر 2023 04:46pm
بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا۔ فوٹو — فائل
بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا۔ فوٹو — فائل

لاہورہائیکورٹ نے بشری بی بی کے سابق شوہرخاور فرید مانیکا کی ضمانت منظور کرلی اور انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے درخواست گزارکو ایک لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

لاہور ہائی کورٹ میں عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کے سابق شوہر خاور فرید مانیکا کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔

جسٹس علی باقرنجفی نے خاور فرید مانیکا کی درخواست پر سماعت کی، عدالت کے روبرو ایڈشنل پراسیکوٹر جنرل عبدالصمد پیش ہوئے اور درخواست ضمانت کی مخالف کرتے ہوئے مؤقف پیش کیا کہ تفتیش میں درخواست گزار گناہ گار ہے۔

پراسیکیوٹر نے کہا کہ اوقاف ڈیپارٹمنٹ کی ذمہ داری تھی کہ وہ اراضی کو تحویل میں لے لیتی۔

درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف پیش کیا کہ اینٹی کرپشن حکام نے خاور فرید مانیکا کو قبرستان کی زمین پر قبضہ میں گرفتار کر رکھا ہے، ان پر قبرستان کی زمین پر ناجائز تعمیرات کا الزام ہے۔

وکیل درخواست گزار نے استدعا کرتے ہوئے بتایا کہ اینٹی کرپشن حکام نے خاور فرید مانیکا کو 25 ستمبر کو گرفتار کیا، عدالت رہائی کی درخواست ضمانت منظور کرے۔

عدالت نے خاور مانیکا کی درخواست ضمانت منظور کرلی اور ان کی رہائی کا حکم دے دیا۔ عدالت نے درخواست گزارکو ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم بھی دیا۔

خاور مانیکا پر الزام

خاوید فرید مانیکا کے خلاف ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ کی جانب سے اینٹی کرپشن میں رواں سال جون میں ایک فوجداری ریفرنس دائر کیا گیا تھا۔

ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ خاور فرید مانیکا وغیرہ نے محکمہ اوقاف کی زمین پر ناجائز قبضہ کیا ہوا ہے اور اس پر شادی ہال اور دکانیں تعمیر کی ہوئی ہیں۔

ریفرنس کے مطابق خاور فرید مانیکا نے شادی ہال اور دکانوں کا حکومت کو ٹیکس دیا نہ محکمہ اوقات کو کوئی معاوضہ دیا جس کی مالیت لاکھوں میں ہے۔

اینٹی کرپشن نے اس ریفرنس پر خاور فرید مانیکا کو گرفتار کیا ہے، ان پر سرکاری خزانے 13 کروڑ 67 لاکھ روپے سے زائد نقصان پہنچانے کا الزام لگایا گیا ہے۔

خاور مانیکا کی گرفتاری

خاور مانیکا 25 ستمبر 2023 کو لاہور سے امارات ائیر لائن کے ذریعے دبئی جا رہے تھے کہ انہیں ایف آئی اے امیگریشن کی جانب سے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں نام شامل ہونے کی بنا پر روکا گیا۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ خاور مانیکا لاہورعلامہ اقبال انٹر نیشنل ائیرپورٹ پر موجود ہیں۔ جب کہ خاور مانیکا پر اینٹی کرپشن نے مقدمہ درج کرا رکھا ہے۔

اینٹی کرپشن پنجاب کے ترجمان نے کہا کہ خاور مانیکا کو ناجائز تعمیرات کے الزام پر ملک سے فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا ہے، خاور فرید مانیکا نے قبرستان کی جگہ پر غیر قانونی شادی ہال اور 26 دکانیں تعمیر کیں جب کہ وہ یک عرصے سے پیر اسلام قبرستان حویلی لکھا کی زمین پر ناجائز قابض بھی ہیں۔ شادی ہال بغیر منظوری نقشہ قبرستان کی 4 کنال اراضی پر بنایا گیا۔

imran khan

bushra bibi

Khawar maneka