Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

ٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق، کمسن ڈرائیور گرفتار

اپنے بچوں کو گاڑیاں چلانے کی اجازت نہ دیں، لاہور ٹریفک پولیس کی والدین سے اپیل
اپ ڈیٹ 13 نومبر 2023 01:56am
فوٹو ــ ٹوئٹر/لاہور ٹریفک پولیس
فوٹو ــ ٹوئٹر/لاہور ٹریفک پولیس

لاہور میں خوفناک ٹریفک حادثہ 6 قیمتی جانیں نگل گیا، حادثہ کم ڈرائیور کی تیز رفتاری اور غفلت کے باعث پیش آیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا۔ گھر کا سربراہ بیوی، بیٹے، بہو اور داماد کے دنیا سے چلے جانے پر غم کی تصویر بن گیا۔

خوشیوں بھرے گھر کو غم نے آ لیا، داماد کو شادی کے کپڑے دے کر آنے والا خاندان گھر واپس نہ لوٹا اور ڈیفنس فیز 7 میں ایک ہی خاندان کے افراد تیز رفتار ڈرائیور کی غفلت کی بھینٹ چڑھ گئے۔ دو گاڑیوں میں 6 افراد سوار تھے جن کو کم عمر ڈرائیور کی گاڑی نے ٹکر ماری۔

جاں بحق افراد میں شاداب کالونی کے رہائشی رفاقت علی کی 45 سالہ بیوی رخسانہ، 27 سالہ بیٹا حسنین، 23 سالہ بہو عائشہ، 4 ماہ کا پوتا حذیفہ ، 4 سالہ نواسی انابیہ اور 30 سالہ داماد سجاد اسماعیل شامل ہیں۔

گھر کا سربراہ اپنی دنیا اجڑنے پر غم سے نڈھال ہے، رفاقت علی نے بتایا کہ 25 نومبر کو بیٹی کی شادی طے تھی اور اس کی بھرپور تیاریوں میں مصروف تھے۔

پولیس نے17 سالہ ڈرائیور افنان شفقت کو گرفتار کر کے تھانہ ڈیفنس سی میں مقدمہ درج کر لیا اور گاڑی تحویل میں لے لی۔ پولیس کے مطابق ملزم افنان بغیر لائسنس گاڑی چلا رہا تھا۔

لاہور ٹریفک پولیس نے اپنے ”ایکس“ پیغام میں کہا ہے کہ گزشتہ رات ڈیفنس فیز 7 میں ایک کم عمر ڈرائیور کے ہاتھوں ٹریفک حادثہ ہوا جس میں ایک ہی خاندان کے 6 جاں بحق ہوئے۔

والدین کے نام پیغام میں پولیس نے مزید کہا کہ کم عمری میں ڈرائیونگ کو روکنے کے لئے کوششیں کر رہے ہیں، ہم والدین سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے بچوں کو گاڑیاں چلانے کی اجازت نہ دیں۔

lahore police

Road Accident

rescue 1122