Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ملک میں دھاندلی کی شروعات ن لیگ نے کی، شرجیل میمن

ہمارے خلاف اتحاد کرنے والوں کو 8 فروری کو تاریخی شکست ہوگی،شرجیل میمن
شائع 12 نومبر 2023 04:50pm

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ نہیں چاہتے چئیرمین پی ٹی آئی جیسے لوگ 2024 میں تھوپے جائیں۔

شرجیل میمن نے کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کل ایک عظیم الشان مجمع تھرپارکر میں نظر آئے گا۔ کل تھرپارکر مٹھی جلسے میں لاکھوں افراد شرکت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی ن لیگ اقتدار میں آئی اسے کبھی سندھ کا خیال نہیں آیا، ن لیگ کو ہمیشہ الیکشن کے موقع پر سندھ یاد آتا ہے۔ مسلم لیگ ن سندھ سے متعلق پریشان نہ ہو۔ مسلم لیگ ن میں پنجاب میں ایک بھی اسپتال نہیں بنایا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ سندھ میں صحت کی جدید سہولیات ہیں، اور علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی ضرورت نہیں پڑتی، سندھ پورے ملک میں سب سے زیادہ ترقی کررہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر الیکشن میں پیپلز پارٹی کے خلاف اتحاد بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔ ملک میں دھاندلی کی شروعات ن لیگ نے کی، ہمارے خلاف اتحاد کرنے والوں کو 8 فروری کو تاریخی شکست ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے ملک کی ترقی کے لیے کوئی اقدام نہیں کیا، ماضی میں ن لیگ نے پنجاب میں نفرت انگیز نعرے لگائے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں مقابلہ سندھ نہیں وسطی پنجاب میں ہوگا،2024 پاکستان پیپلز پارٹی کا سال ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 2018 میں ایک نااہل شخص کو ہم پر مسلط کیا گیا، اسلامی ٹچ کی باتیں کرنے والا چیئرمین پی ٹی آئی کہاں گیا، اس ملک میں چیئرمین پی ٹی آئی جیسے لوگ تھوپے گئے، پی ٹی آئی نے ملک کا برا حال کردیا، سب سے منافق شخص چیئرمین پی ٹی آئی ہے۔

Pakistan People's Party (PPP)

Sharjeel Inam Memon

PAKISTAN MUSLIM LEAGUE (PMLN)