Aaj News

ہفتہ, نومبر 02, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

’پاکستان 1967 کی سرحدوں کے مطابق ریاست فلسطین کے قیام کا حامی ہے‘، عرب واسلامی ممالک کے اجلاس میں نگراں وزیراعظم کا خطاب

سلامتی کونسل فلسطینی ریاست کو مستقل رکنیت دے، فلسطینی صدر کا مطالبہ
اپ ڈیٹ 12 نومبر 2023 12:28am

سعودی عرب کی میزبانی میں ایک غیر معمولی عرب اتحاد اجلاس ہوا، جس میں غزہ کی بگڑتی ہوئی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کے لیے اسلامی اور عرب دنیا کے ممالک کو اکٹھا کیا گیا۔ پاکستان کے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے بھی اس اجلاس میں شرکت کی۔

نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ غزہ میں قتل عام فوری طور پر روکا جائے، پاکستان 1967 کی سرحدوں کے مطابق ریاست فلسطین کے قیام کا حامی ہے جس کا دارالحکومت القدس ہو، ناانصافی اور معصوم شہریوں کا قتل عام مزید تنازعات کو جنم دے گا۔

ہفتہ کو سعودی عرب کی میزبانی میں فلسطین کی صورت حال پر غور کے لئے عرب واسلامی ممالک کے غیر معمولی سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیل ایک جارح اور قابض ملک ہے، 70 سال پہلے اقوام متحدہ نے اپنی منظور کردہ قرارداد کے ذریعے اس مسئلہ کے حل کا فیصلہ کیا، غزہ پر اسرائیلی بمباری سے اسپتال، اسکول اور اقوام متحدہ کے دفاتر بھی محفوظ نہیں رہے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں فوری طور پر انسانی ہمدردی کے تحت امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے، غزہ کو امداد فراہم کرنے کے حوالے سے مصر کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری غزہ میں فوری سیز فائر کے لئے کردار ادا کریں، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی جنگ بندی کی کوششوں کو سراہتے ہیں، سلامتی کونسل پر غزہ میں قتل عام رکوانے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ اسرائیل نے غزہ کو جہنم بنا دیا ہے، غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں۔

انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ عالمی قوانین بے گناہوں کے قتل عام کو روکتے ہیں۔ اور مطالبہ کیا کہ غزہ میں شہروں کا قتل عام بند کیا جائے۔

نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ اسرائیل اسپتالوں اور تعلیمی اداروں پر بمباری کر رہا ہے، اسرائیل عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ غزہ کے شہریوں کو ادویات و خوراک کی فوری ضرورت ہے، سلامتی کونسل پر غزہ میں جاری جارحیت رکوانے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ غزہ میں غیر مشروط اور فوری جنگ بندی کی جائے۔

قبل ازیں، ریاض پہنچنے پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’(غزہ میں) تشدد کے مکمل خاتمے کی فوری ضرورت ہے کیونکہ انسانی بحران نے بہت تیزی سے جنم لیا ہے۔ ہم طویل بحث نہیں چاہتے بلکہ سنجیدہ اقدام چاہتے ہیں جو ہمارے فلسطینی بھائیوں کی مایوسی اور تکلیف کو فوری طور پر دور کر سکے‘۔

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ غزہ میں فوری طور پر اسرائیلی جارحیت بند ہونی چاہیے، اور مطالبہ کیا کہ فلسطینیوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں انسانی المیہ جنم لے رہا ہے، کوئی بھی ملک عالمی قوانین سے بالا تر نہیں، نہتے شہریوں پر طاقت کا استعمال ناقابل قبول ہے۔

نگراں وزیرِ اعظم نے ہفتے کو آٹھویں او آئی سی ہنگامی اجلاس میں شرکت کی، وہ مختلف ممالک کے سربراہان سے اہم ملاقاتیں بھی کریں گے۔

 تصویر: روئٹرز
تصویر: روئٹرز

سعودی مملکت کی وزارت خارجہ نے جمعہ کو دیر گئے سربراہی اجلاس کے بارے میں خبروں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب ابتدائی طور پر دو سربراہی اجلاسوں کی میزبانی کرنے والا تھا، ایک اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور ایک ہفتہ کو عرب لیگ کا اجلاس، تاہم سعودی عرب کی طرف سے دونوں بڑی تنظیموں کے ساتھ مشاورت کے بعد مشترکہ سربراہی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اجلاس میں غزہ میں تشدد اور جنگ خاتمے کا مطالبہ کیا ہے، کیونکہ شہادتوں کی تعداد دسیوں ہزار تک جاپہنچی ہے اور اسپتالوں کو مسلسل نشانہ بنایا جارہا ہے، ایسے میں اسرائیل کو غزہ میں فلسطینیوں کی حفاظت کے لیے مزید اقدامات کرنے کے لیے بڑھتے ہوئے بین الاقوامی دباؤ کا سامنا ہے۔

محمد بن سلمان نے غزہ پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سربراہی اجلاس سے خطاب میں کہا کہ ’یہ ایک ایسی انسانی تباہی ہے جس نے بین الاقوامی برادری اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اسرائیل کی طرف سے بین الاقوامی انسانی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کو روکنے اور دنیا کے دوہرے معیارات کو ثابت کرنے میں ناکامی کو ثابت کیا ہے‘۔

محمد بن سلمان نے غزہ میں فوجی آپریشن فوری طور پر بند کرنے اور تمام اسیروں اور قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

سعودی ولی عہد نے کہا کہ ’ہمیں یقین ہے امن کی صرف اور صرف اسرائیلی قبضے اور غیر قانونی بستیوں کے خاتمے اور فلسطینی عوام کے قائم کردہ حقوق کی بحالی اور 1967 میں مشرقی یروشلم کو اس کا دارالحکومت بنانے والی ریاست کے قیام سے بحال ہوسکتا ہے۔‘

چھ نومبر کو جدہ میں 57 رکنی بلاک کے ہیڈ کوارٹر کی طرف سے ایک سرکاری اعلان میں کہا گیا تھا کہ سربراہی اجلاس میں ’فلسطینی عوام کے خلاف وحشیانہ جارحیت‘ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

’اجتماعی پوزیشن کی ضرورت‘

 ممبر ممالک کے رہنما ریاض میں خصوصی عرب رہنماؤں کے سربراہی اجلاس کے دوران تصویر کے لیے پوز دیتے ہوئے (تصویر: روئٹرز)
ممبر ممالک کے رہنما ریاض میں خصوصی عرب رہنماؤں کے سربراہی اجلاس کے دوران تصویر کے لیے پوز دیتے ہوئے (تصویر: روئٹرز)

سعودی وزارت خارجہ کے مطابق، مشترکہ اجلاس ’غزہ کی پٹی میں رونما ہونے والے غیر معمولی حالات کے جواب میں منعقد کیا جا رہا ہے، کیونکہ رکن ممالک نے اپنی کوششوں کو متحد کرنے اور ایک متفقہ اجتماعی پوزیشن کے ساتھ سامنے آنے کی ضرورت محسوس کی ہے‘۔

او آئی سی میں پوری اسلامی دنیا کے رکن ممالک شامل ہیں جن میں فلسطینی علاقوں کے پڑوسی ممالک مصر اور اردن، لبنان، ترکی اور عراق شامل ہیں۔

فلسطینی صدر محمود عباس

فلسطینی صدر محمود عباس نے عرب اسلامی اجلاس سے خطاب میں کہا کہ اسرائیل کو اپنی فوجی طاقت پر گھمنڈ ہے کہ اسرائیل ہمیں ختم کردے گا، لیکن فلسطینی بہادری سے اسرائیلی جارحیت کا مقابلہ کر رہے ہیں۔

محمود عباس نے کہا کہ اسرائیلی وحشیانہ بمباری سے ہزاروں فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرا دل ہزاروں معصوم بچوں کے قتل پر افسردہ ہے، مجھے زیادہ افسوس عالمی برادری کی بے حسی پر ہے، اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔

 فلسطینی صدر محمود عباس جمعہ کو سعودی عرب پہنچے (تصویر: اے ایف پی)
فلسطینی صدر محمود عباس جمعہ کو سعودی عرب پہنچے (تصویر: اے ایف پی)

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسرائیلی فوج کو جنگی جرائم کی عالمی عدالت میں لایا جائے اور امریکا سمیت عالمی برادری کو قیام امن کیلئے کردار ادا کرنا چاہئے۔

فلسطینی صدر نے کہا کہ سلامتی کونسل غزہ میں اسرائیلی جارحیت رکوانے میں ناکام ہوگئی، اسرائیل فوجی طاقت کے نشے میں دو ریاستی فارمولے کو بھلا چکا، غزہ کی پٹی ریاست فلسطین کا لازمی جزو ہے، غزہ میں قیمتی جانوں کے ساتھ 20 ارب ڈالر کا نقصان ہوچکا۔

فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ غزہ کے علاوہ مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی افواج کے چھاپوں میں اضافہ ہوا ہے اور انہوں نے امریکی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ’اسرائیل کی جارحیت، قبضے، خلاف ورزی اور ہمارے مقدس مقامات کی بے حرمتی کو روکے‘۔

صدر عباس نے مزید کہا کہ ’کوئی عسکری اور سیکورٹی حل قابل قبول نہیں کیونکہ وہ سب ناکام ہو چکے ہیں‘، ہم غزہ یا مغربی کنارے سے اپنے لوگوں کو بے گھر کرنے کی کسی بھی کوشش کو واضح طور پر مسترد کرتے ہیں۔

محمود عباس کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج نے دو ریاستی حل کو خطرے میں ڈال دیا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ یروشلم، غزہ اور مغربی کنارہ فلسطینی علاقے میں شامل ہونے چاہئیں، سلامتی کونسل فلسطینی ریاست کو مستقل رکنیت دے۔

ان کا کہنا تھا کہ فلسطین اسرائیل کو عالمی عدالت میں لے کر جائے گا۔

مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی

اجلاس میں مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے اس بات پر زور دیا کہ قتل، محاصرہ اور زبردستی منتقلی کے ذریعے ”اجتماعی سزا“ کی پالیسی ناقابل قبول ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسے اپنے دفاع سے تعبیر نہیں کیا جا سکتا، اسے فوری طور پر روکا جانا چاہیے، انہوں نے غزہ میں فوری طور پر پائیدار جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی

ایران کی جانب سے بار بار اس حوالے سے خبردار کیے جانے کے بعد کہ اگر اسرائیل نے اپنے حملے بند نہ کیے تو جنگ کا دائرہ وسیع ہو جائے گا، صدر ابراہیم رئیسی نے بھی ریاض میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کی، یہ 11 سال میں کسی ایرانی صدر کا پہلا دورہ ہے۔

غزہ صورتحال پرآج کا اجلاس بڑا اہم ہے،ایران کے صر ابراہیم رئیسی نے خطاب میں کہا کہ غزہ میں ہونے والے مظالم کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، ہمیں غزہ کے مسئلے کا حل تلاش کرنا چاہئے۔

 قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی ہفتے کو ریاض میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے ملاقات کر رہے ہیں، (تصویر: روئٹرز)
قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی ہفتے کو ریاض میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے ملاقات کر رہے ہیں، (تصویر: روئٹرز)

ابراہیم رئیسی نے کہا کہ ہم غزہ پراسرائیلی بمباری کی مذمت کرتے ہیں، غزہ میں معصوم فلسطینیوں کا خون بہایا جارہا ہے، یہ خطے کی تاریخ میں فیصلہ کن وقت ہے، ایران اپنے ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔

ایرانی صدر نے کہا کہ غزہ کے لوگ 20 سال سے جیل میں زندگی گزار رہے ہیں۔ اسرائیل وحشیانہ حملوں سے فلسطینیوں کی نسل کشی چاہتا ہے، بتایا جائے کہ شہید بچوں کا کیا قصور ہے؟

ابراہیم رئیسی نے کہا کہ افغانستان اور عراق سمیت خطے میں جو کچھ ہوا امریکا کی وجہ سے ہوا۔

ایرانی صدر نے کہا کہ اسلامی ممالک کو اسرائیل کا مکمل بائیکاٹ کرنا ہوگا، ہمیں اسرائیل کے جنگی جرائم کے خلاف مقابلہ کرنا ہوگا، اسلامی ممالک کو اسرائیل سے سفارتی تعلقات کو ختم کرنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے غزہ پر 17 ایٹم بم کے برابر بمباری کی ہے، اسرائیل کو اپنے مظالم کا ایک دن حساب دینا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت غزہ کے عوام کو قراردادوں کی نہیں مدد کی ضرورت، ایران غزہ کے لوگوں کی مزاحمت کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

ابراہیم رئیسی نے ریاض کیلئے روانگی سے قبل کہا تھا کہ غزہ الفاظ کا میدان نہیں ہے۔ یہ (اجلاس) عمل کے لیے ہونا چاہیے’۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ فلسطین نہ صرف مسلم دنیا بلکہ پوری دنیا کا اہم مسئلہ بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت غزہ میں صیہونی حکومت کے مظالم جنگی اور انسانیت کے خلاف جرائم کی واضح مثالیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’امریکی اپنے تبصروں اور پیغامات میں کہتے ہیں کہ وہ جنگ کا دائرہ وسیع نہیں کرنا چاہتے لیکن یہ دعویٰ کسی بھی طرح سے ان کے اقدامات سے مطابقت نہیں رکھتا کیونکہ اسرائیلی جنگی مشین کو ایندھن امریکی فراہم کرتے ہیں۔‘

ترک صدر رجب طیب اردوان

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے عرب اسلامی اجلاس سے خطاب میں کہا کہ بچوں کی لاشیں اسپتالوں اور غزہ میں بکھری ہوئی ہیں، غزہ کی صورتحال پر دل خون کے آنسو روتا ہے، اسرائیلی قابض فوج نے فلسطین پر ظلم کی انتہا کردی ہے، ہم فلسطین میں ہونے والے مظالم کبھی نہیں بھولیں گے۔

ترک صدر نے کہا کہ پیرس میں چند افراد کی ہلاکت پر عالمی برادری متحد ہوگئی تھی، غزہ میں خونریزی پر دنیا بھر کی خاموشی شرمناک ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ ترکیہ کی جانب سے 366 ٹن امداد غزہ بھیج رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیلی حکام غزہ میں ہونے والے مظالم کے ذمہ دار ہیں، اس وقت ہمارا ہدف غزہ میں مستقل جنگ بندی ہے۔

ترک صدر نے مطالبہ کیا کہ دو ریاستی حل کیلئے عالمی امن کانفرنس بلائی جائے، اسرائیل کے جوہری ہتھیار خطے کیلئے خطرہ ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مسجد اقصٰی ہمارے لئے ریڈ لائن ہے۔

امیر قطر تمیم بن حمدالثانی

امیر قطر تمیم بن حمدالثانی نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ اسپتالوں اور اسکولوں پر بمباری کی مذمت کرتے ہیں، میڈیکل اور تعلیمی اداروں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، عالمی دنیا اسرائیلی مظالم پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

امیر قطر نے کہا کہ غزہ میں ہونے والا قتل عام کسی صورت قبول نہیں، غزہ میں جو کچھ ہورہا ہے تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔

Muhammad bin Salman

Arab League

anwar ul haq kakar

OIC Meeting

Mahmoud Abbas