Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

انگلینڈ سے شرمناک شکست، پاکستان کا ورلڈکپ کا سفر 5ویں پوزیشن کے ساتھ اختتام پذیر

338 رنز کے ہدف کے تعاقب میں گرین شرٹس 44 ویں اوورز میں 244 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی
اپ ڈیٹ 11 نومبر 2023 09:58pm

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے 44 ویں میچ میں دفاعی چیمپیئن انگلینڈ نے پاکستان کو 93 رنز سے شکست دے کر قومی ٹیم کے سیمی فائنل کھیلنے کے ارمانوں پر بھی پانی پھیر دیا، گرین شرٹس کا میگا ایونٹ میں سفر 5ویں پوزیشن کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔

انگلینڈ کی جانب سے دیے گئے 338 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم 44 ویں اوورز میں 244 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، جس کے ساتھ ہی پاکستان کا ورلڈ کپ کا سفر ناکامی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔

کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے جارہے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلش ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی بیٹنگ

انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ ملان اور جونی بیرسٹو نے اننگز کا آغاز کیا اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 13.3 اوورز میں 82 رنز تک پہنچایا جس کے بعد انگلینڈ کی پہلی وکٹ گر گئی۔

افتخار احمد نے پاکستان کے لیے پہلی وکٹ حاصل کی، ڈیوڈ ملان 31 رنز بنا کر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کی دوسری وکٹ 18.2 اوورز میں 108 رنز پر گری جب حارث رؤف کی گیند پر جونی بیرسٹو 59 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

تیسری وکٹ پر بین اسٹوکس اور جو روٹ کے درمیان 132 رنز کی پارٹنرشپ نے انگلینڈ کو بڑے ٹوٹل کی جانب گامزن کردیا۔

انگلینڈ کو تیسرا نقصان بین اسٹوکس کی صورت میں اٹھانا پڑا جب 84 رنز بنانے والے اسٹوکس کو 240 کے مجموعے پر شاہین آفریدی نے 41 ویں اوور کی پہلی گیند پر بولڈ کردیا، ان کی اننگز میں 11 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

اس کے بعد پاکستانی بولرز نے وکٹیں لینے کا سلسلہ تو شروع کیا تاہم دوسری جانب اپنی وکٹوں گنوانے سے قبل انگلش بیٹرز رنز بھی بٹور کر جاتے رہے۔ مڈل آرڈر بیٹر جو روٹ 60 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

ہیری بروک 30، جوز بٹلر 27، ڈیوڈ ولی 15 اور معین علی 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کرس ووکس 4 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے۔

اور یوں انگلینڈ کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز بنائے اور پاکستان کے لیے 338 رنز کا ہدف سیٹ کیا۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 3 وکٹیں لیں جبکہ محمد وسیم اور شاہین آفریدی نے 2، 2 اور افتخار احمد نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی بیٹنگ

338 رنز کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز اوپنر عبداللّٰہ شفیق اور فخر زمان نے کیا، دونوں اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہ کرسکے۔

عبداللہ شفیق پہلے ہی اوور کی دوسری ہی گیند پر صفر پر آؤٹ ہوگئے، اس کے بعد فخر زمان صرف ایک اسکور بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم 45 بالز پر 38 رنز بنا سکے جبکہ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے 51 گیندوں پر 36 اسکور کیے۔

اس کے علاوہ سعود شکیل 29 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ افتخار احمد صرف 3 رنز بناسکے۔

پاکستان کی ساتویں وکٹ شاداب خان کی صورت میں 150 رنز پر گری۔ شاداب کو عادل رشید نے 4 پر بولڈ کیا۔

پاکستان کی آٹھویں وکٹ 186 رنز پر گری جب سلمان علی آغا 37ویں اوور میں 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

گرین شرٹس نویں وکٹ شاہین شاہ آفریدی کی صورت میں گری وہ 25 رنز بنا کر ایٹکنسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔

آخری وکٹ پر حارث رؤف اور محمد وسیم جونیئر 53 رنز کی پارٹنرشپ بنائی۔ وسیم نے 16 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، حارث 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

یوں پاکستان کی ٹیم پورے 50 اوورز بھی نہ کھیلی سکی اور 43.3 اوورز میں 244 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی، جس کے ساتھ ہی گرین شرٹس کو اس میچ میں 93 رنز سے شکست ہوئی۔

انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ ولی نے 56 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ معین علی، عادل رشید اور گس ایٹکنسن نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ آخری وکٹ کرس ووکس نے لی۔

میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ڈیوڈ ویلی کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے میں دونوں ٹیموں کا یہ آخری میچ تھا، پاکستان اور انگلینڈ دونوں نے نو،نو میچ کھیلے ، پاکستان نے اپنے 4 اور انگلینڈ نے اپنے 3 میچ جیتے۔

پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان پانچویں اور انگلینڈ ساتویں نمبر پر ہے۔

میچ کا ٹاس

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ورلڈ کپ کا 44 واں میچ بھارت کے شہر کولکتا کے ایڈن گارڈن کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے، جس کا ٹاس انگلش ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے جیت کر پہلے خود بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔

انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار ہے اچھا ٹوٹل کرنے کی کوشش کریں گے، لیگ کے آخری میچ میں کامیابی سمیٹ کر ٹورنامنٹ کا اختتام جیت کے ساتھ کرنا چاہتے ہیں۔

کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے تاکہ نیٹ ریٹ بہتر کرکے تاریخ رقم کرسکیں کوشش کریں گے کہ انگلینڈ کو محدود رنز تک روک سکیں اور میچ میں کامیابی سمیٹیں۔

بابراعظم نے کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے کہ حسن علی کی جگہ شاداب خان کو پلئینگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔

پاکستان کا اسکواڈ

پاکستان ٹیم میں کپتان بابراعظم، عبداللہ شفیق، فخر زمان، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، شاداب خان، آغا سلمان، شاہین شاہ آفریدی، محمد وسیم جونئیر اور حارث رؤف شامل ہیں۔

انگلینڈ کا اسکواڈ

انگلینڈ کی ٹیم میں کپتان جوز بٹلر، جونی بیرسٹو، ڈیوڈ ملان، جو روٹ، بین اسٹوکس، مارک ووڈ، ڈیوڈ ولی، لیام لیونگسٹن، معین علی، کرس ووکس اور عادل رشید شامل ہیں۔

ورلڈ کپ میں اب تک کا سفر

رواں ورلڈ کپ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ کی ٹیم نے انتہائی مایوس کُن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اب تک 08 میچز میں سے صرف 02 میچز جبکہ گرین شرٹس نے 08 میں سے 04 میچز جیتے ہیں۔

ہیڈ ٹو ہیڈ میچز کا ریکارڈ

دونوں ٹیموں کے مابین اب تک 91 ایک روزہ میچز کھیلے جاچکے ہے جن میں انگلینڈ نے 56 اور پاکستان نے 32 میچز جیتے ہیں جبکہ 03 میچز بغیر نتیجہ رہے۔

پچ رپورٹ

ایڈن گارڈنز کرکٹ اسٹیڈیم، کولکتہ کی پچ بیٹرز کے لیے سازگار ہوگی۔ اس گراؤنڈ پر کھیلے آخری 10 ایک روزہ میچز میں پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیموں کا اوسط اسکور 286 رنز ہے اور پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیموں کی جیت کی اوسط بھی 80 فیصد ہے۔

موسم کی صورتحال

کولکتہ میں آج میچ کے دوران درجہ حرارت 31.15 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 31 فیصد ہوگا اور بارش کا کوئی امکان نہیں۔

یاد رہے کہ ٹاس ہارنے کے بعد گرن شرٹس کا ٹورنامنٹ کے ناک آؤٹ مرحلے میں کوالیفائی کرنا اب ناممکن کے برابر ہوگیا ہے، اگر پاکستان پہلے بیٹنگ کرتا تو انگلینڈ کے خلاف گرین شرٹس کو 300 رنز بناکر انگلش ٹیم کو 13 رنز پر آؤٹ کرنا تھا۔

قومی کرکٹ ٹیم کو اگر پہلے بولنگ کرکے بھی سیمی فائنل میں جانا ہے تو پاکستان کو حریف کو 50 رنز پر ڈھیر کرکے دو اوورز اور پانچ بالز پر ہدف مکمل کرنا ہو گا۔

دوسری جانب دفاعی چیمپیئن بھی اپنی قوت کے ساتھ میدان میں اترٰن گے جن کی کوشش ایونٹ میں 7ویں پوزیشن برقرار رکھنا ہوگی تاکہ وہ پاکستان کی میزبانی میں چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے لئے کوالیفائی کر سکیں۔

ٹورنامنٹ کے 43 میچوں کے بعد قومی کرکٹ ٹیم اس وقت 8 پوائنٹس کے بعد 5وی پوزیشن پر ہے جب کہ انگلینڈ صرف 2 میچز جیت کر پوائنٹس ٹیبل میں 7ویں نمبر پر ہے۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کی سری لنکا کے خلاف جیت نے پاکستان کا ورلڈ کپ 2023 کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرنا انتہائی ناممکن کردیا ہے۔

Pakistan vs England

ODI World Cup

world cup 2023

ICC ODI WORLD CUP 2023