بارش کے بعد نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب نے اسموگ لاک ڈاؤن ختم کردیا
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بارش کے بعد ائیر کوالٹی میں بہتری آنے کے باعث اسموگ لاک ڈاؤن ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
بارش کے اسموگ سے آلودہ ماحول پر مثبت اثرات پڑے جس کے بعد نگراں وزیر اعلی پنجاب نے اسموگ کی وجہ سے لاہور سمیت 8 اضلاع میں نافذ کی گئی ہیلتھ ایمرجنسی ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں محسن نقوی نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے بعد ہوا کے معیار میں بہتری آئی ہے، ماہرین سے مشاورت کے بعد لاک ڈاؤن اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام پابندیاں ہٹائی جا رہی ہیں، اور ہفتہ کے روز بازار کھل جائیں گے، جبکہ ریسٹورنٹس شام 6 بجے کے بعد دوبارہ کام شروع کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسموگ کی بگڑتی صورتحال کے باعث لاہور سمیت پنجاب کے 8 اضلاع میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ ہوا تاہم نگراں حکومت نے جمعرات اور جمعے کے لیے مارکیٹس کھولنے کی اجازت دی تھی۔
محکمہ پرائمری ہیلتھ کئیر پنجاب نے دو دن کے لیے مارکیٹس کھولنے کی اجازت دینے سے متعلق ترمیمی نوٹیفکیشن بھی جاری کیا تھا جس کے مطابق شاپنگ مالز سمیت مارکیٹس ہفتے اور اتوار کو بند رہیں گی جب کہ دو روز شاپنگ مالز، مارکیٹس، ریسٹورنٹ، سینما اور جمنیزیم بھی معمول کے مطابق کھلیں گے۔
نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا تھا کہ فیصلےکا اطلاق لاہور، ننکانہ صاحب، شیخوپورہ، قصور، گوجرانوالا، نارووال، حافظ آباد اور سیالکوٹ پر ہوگا۔
ایک اور نوٹیفکیشن کے مطابق نگراں صوبائی حکومت نے میڈیکل و پرچون اسٹورز، تندور، بیکری، سمیت سبزیوں کی دکانوں کو مستثنیٰ قرار دیا تھا۔
Comments are closed on this story.