Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

مداح تیار ہوجائیں، ڈرامہ تیرے بن سیزن 2 آئندہ ماہ نشر کیا جائے گا

وعدہ ہے سیزن 2 آپ کو پسند آئے گا، پروڈیوسرعبداللہ کادوانی
شائع 10 نومبر 2023 09:01pm

رواں برس کے مقبول ترین پاکستانی ڈراموں میں سے ایک سیریل تیرے بن کا پارٹ 2 آئندہ ماہ نشر کیا جائے گا ۔

اداکار وہاج علی اور یمنیٰ زیدی کی اداکاری پر مشتمل ڈرامہ سیریل’تیرے بن’ نے ناصرف پاکستان بلکہ بھارت اور بنگلہ دیش سمیت دنیا کے متعدد ملکوں کی اسکرینوں پر راج کیا تھا ۔

ڈرامے کے اختتام میں میرب اور مرتسم کے درمیان تمام تنازعات ختم کردیے گئے تھے تاہم ڈرامے کی شاندار کامیابی پر پروڈیوسر عبداللہ کادوانی نے اس کے سیزن 2 کا اعلان کیا تھا ۔

بعدازاں ستمبر میں انہوں نے ایک پوسٹ میں مداحوں سے پوچھا تھا کہ وہ تیرے بن کا سیزن 2 اور خدا اور محبت کے سیزن 4 میں سے پہلے کیا دیکھنا چاہتے ہیں؟

اس پوسٹ پر زیادہ تر سوشل میڈیا صارفین نے تیرے بن کے سیزن 2 کے حق میں ووٹ دیا تھا ۔

تاہم آج پروڈیوسر عبداللہ کادوانی نے ایک پوسٹ کے زریعے مرتسم اور میرب کے مداحوں کو یہ خوشخبری دی کہ ہے کہ ڈرامہ تیرے بن کا سیزن 2 آئندہ ماہ 29 دسمبر 2023 سے نشر کیا جائے گا ۔

عبداللہ کادوانی کا مزید کہنا تھا کہ بہت حیرت انگیز ہونے والا ہے وعدہ ہے سیزن 2 آپ کو پسند آئے گا ۔

یاد رہے کہ ڈراما ’تیرے بن‘ کی پہلی قسط گزشتہ برس 28 دسمبر 2022 کو نشر ہوئی تھی اسی طرح سیزن 2 پہلی قسط 29 دسمبر کو نشر کی جائے گی ۔

’تیرے بن‘ کی کہانی نوراں مخدوم نے لکھی ہے اور سراج الحق نے اس کی ہدایات دی ہیں، اس کی دیگر کاسٹ میں بشریٰ انصاری، سہیل سمیر، فرحان علی آغا، فضیلہ قاضی، حرا سومرو، سبین فاروق، محمود اسلم، حارث وحید، آغا مصطفی اور دیگر شامل ہیں۔

Murtasim

Meerab

Tere BIn Season 2