ورلڈکپ: جنوبی افریقا نے افغانستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 42 ویں میچ میں جنوبی افریقا نے افغانستان نے 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
افغانستان کی جانب سے دیے گئے 245 رنز کا ہدف جنوبی افریقا نے 48ویں اوورز میں 5 وکٹوں نقصان پر پورا کرلیا۔
بھارتی شہر احمد آباد میں کھیلے جارہے میچ میں افغانستان نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغان ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 244 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔
افغانستان کی بیٹنگ
افغانستان کی جانب سے اوپنر رحمان اللہ گرباز اور ابراہم زدران نے اننگز کا آغاز کیا تاہم دونوں اوپنر زیادہ دیر تک کریز پر ٹک نہ سکے اور 41 کے مجموعی اسکور پر اوپنز پویلین لوٹ گئے۔
رحمان اللہ گرباز 22 گیندوں پر 25 رنز بنا کر مہاراج کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے جبکہ ابراہیم زدران کو جیرالڈ کوئٹزی نے آؤٹ کیا، انہوں نے 30 گیندوں پر 15 رنز بنائے۔
افغانستان کا اسکور 45 تک پہنچا تو کپتان حشمت اللہ شاہدی بھی 7 گیندوں پر 2 رنز بنا کر مہاراج کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد رحمت شاہ اور عظمت اللہ عمر زئی کے درمیان چوتھی وکٹ پر 49 رنز کی شراکت بنی اور ٹیم کا اسکور 94 تک پہنچا تو رحمت شاہ 46 گیندوں پر 26 رنز بنا کر لونگی نگیڈی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
افغانستان کو پانچواں نقصان 112 رنز پر اٹھانا پڑا، وکٹ کیپر بلے باز اکرام علی خیل محض 14 گیندوں پر 12 رنز بنا کر جیرالڈ کوئٹزی کا شکار بن گئے۔
افغانستان کی چھٹی وکٹ 116 رنز پر گری، محمد نبی 3 گیندوں پر 2 رنز بناکر لونگی نگیڈی نے آؤٹ کیا۔
ساتوں وکٹ پر راشد خان اور عظمت اللہ عمر زئی کے درمیان 44 رنز کی پارٹنرشپ قائم ہوئی تو 160 کے مجموعی اسکور پر راشد خان بھی 30 گیندوں پر صرف 14 رنز بنا کر فیہلوکوایو کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
ایک طرف وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا تو دوسری طرف عظمت اللہ عمر زئی وکٹ پر ڈٹے رہے، پہلے راشد خان اور پھر نور احمد کے ساتھ مل کر ٹیم کے اسکور پر اضافہ کیا۔
افغانستان کو آٹھواں نقصان نور احمد کی صورت میں اٹھانا پڑا، ٹیم کا اسکور 204 تک پہنچا تو نور احمد 32 گیندوں پر 26 رنز بناکر جیرالڈ کوئٹزی کا شکار بن گئے۔
اس کے بعد 226 کے اسکور پر نویں آؤٹ ہونے والے مجیب الرحمان تھے وہ 8 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، انہیں بھی جیرالڈ کوئٹزی نے آؤٹ کیا۔
افغانستان کی آخری وکٹ 244 رنز کے اسکور پر گری، نوین الحق صرف 2 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
افغانستان کی جانب سے عظمت اللہ عمر زئی نے 107 گیندوں پر 97 رنز کی اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز میں 7 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے، ان کی یہ میگا ایونٹ میں تیسری ففٹی ہے۔
اور یوں افغانستان کی پوری ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 244 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور جنوبی افریقا کے لیے 245 رنز کا ہدف سیٹ کیا۔
جنوبی افریقا کی جانب سے جیرالڈ کوئٹزی نے 44 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔
اس کے علاوہ کیشو مہاراج اور لونگی نگیڈی نے 2،2 اور فیلوکوایو نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جنوبی افریقا کی بیٹنگ
ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کے اوپنر کوئنٹن ڈی کوک اور کپتان ٹمبا باوما نے عمدہ آغاز فراہم کیا تاہم 64 کے اسکور پر پہلی وکٹ گرگئی، جب اوپنر ٹیمبا بیوما 28 گیندوں پر 23 رنز بنا کر مجیب الرحمان کی گیند پر رحمت اللہ گرباز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
ٹمبا باوما کے آؤٹ ہوتے ہی جنوبی افریقا کو 66 رنز پر دوسرا نقصان اٹھانا پڑا، دوسرے آؤٹ ہونے والے بیٹر کوئنٹن ڈی کوک تھے جنہوں نے 47 گیندوں پر 41 رنز بنائے، وہ محمد نبی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔
اس کے بعد وین ڈر ڈوسن اور ایڈن مارکرم کے درمیان تیسری وکٹ پر 50 رنز کی شراکت بنی، ٹیم کا اسکور 116 تک پہنچا تو ایڈن مارکرم 32 گیندوں پر 25 رنز بناکر راشد خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
جنوبی افریقا کی چوتھی وکٹ 139 رنز پر گری، جب ہینرک کلاسن نے 13 گیندوں پر 10 رنز بنائے، انہیں راشد خان نے بولڈ کیا۔
ڈیوڈ ملر بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹہر سکے اور 182 رنز پر اپنی وکٹ گنوابیٹھے، انہوں نے 33 گیندوں پر 24 رنز بنائے، محمد نبی نے اپنی ہی بال پر ان کا کیچ پکڑا۔
رسی وین ڈر ڈوسن کریز پر ڈٹے رہے اور انہوں نے فیلوکوایو کے ساتھ مل کر چھٹی وکٹ پر 67 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔
جنوبی افریقا کے ٹاپ اسکورر راسی وین ڈیر ڈوسن تھے جنہوں نے 95 گیندوں پر 76 رنز کی شاندار ناقابل شکست اننگ کھیلی جبکہ فیلوکوایو 39 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
یوں جنوبی افریقا نے افغانستان کی جانب سے دیے گئے 245 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
میچ میں عمدہ پرفارمنس دکھانے پر جنوبی افریقی بلے باز رسی وین ڈر ڈوسن کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دفیا گیا۔
افغانستان کی جانب سے محمد نبی اور راشد خان نے 2، 2 جبکہ مجیب الرحمان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقا پہلے ہی سیمی فائنل میں پہنچ چکا تھا جبکہ افغانستان ناک آؤٹ مرحلے کی دوڑ سے باہر ہوگیا تھا۔دونوں ٹیموں کا آج گروپ اسٹیج کا آخری میچ تھا۔
افغانستان نے رواں ورلڈکپ میں شاندار کارکردگی دکھائی، انگلینڈ، پاکستان اور سری لنکا جیسی ٹیموں کے خلاف کامیابی حاصل کی، افغان ٹیم نے 9 میچز میں 4 کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے 8 پوائنٹس لیے۔
واضح رہے کہ ورلڈکپ میں ٹاپ 8 ٹیموں میں شامل ہوکر افغانستان نے پہلی مرتبہ آئی سی سی چیمپئن ٹرافی 2025 کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔
میچ کا ٹاس
بھارتی شہر احمد آباد کے نریندرا مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں ورلڈ کپ کے 42 ویں میچ میں افغانستان اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں مدمقابل ہیں، جہاں میچ کا ٹاس افغانستان کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے جیت کر پہلے خود بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا ۔
افغانستان کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ کوشش ہوگی اچھا ٹارگٹ سیٹ کرکے میچ میں کامیابی سمیٹیں، آج یقیناً ایک مشکل گیم ہے، آسٹریلیا کے خلاف میچ نے صورت حال تبدیل کردی ہے لیکن پوری کوشش کر رہے ہیں کہ باقی فکروں کو چھوڑ کر آج کے میچ پر فوکس کریں۔
اس موقع پر جنوبی افریقی ٹیم کے کپتان ٹمبا باؤما نے کہا کہ ہم ہدف حاصل کرنے میں تھوڑے کمزور ہیں لیکن آج کا میچ ہمیں موقع دے رہا ہے کہ ہم اس کمزوری کو بھی دور کر سکیں، لہذا پوری کوشش کریں گے کہ آج کے میچ میں اچھی کارکردگی دکھائیں۔
ٹمبا باووما نے مزید کہا کہ لیگ راؤنڈ کے آخری میچ میں کامیابی سیمٹ کر سیمی فائنل میں پراعتماد آغاز کرنا چاہتے ہیں، ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی ہیں، مارکو جانسن اور تبریز شمسی کو آرام دیا گیا ہے جبکہ جیرالڈ کوئٹزی اور فیلوکوایو کو ہلئینگ الیون میں موقع دیا گیا ہے۔
جنوبی افریقا کا اسکواڈ
جنوبی افریقی ٹیم میں کپتان ٹمبا باوما، ایڈن مارکرم، کوئنٹن ڈی کوک، راسی وین ڈیر ڈوسن، ہینرک کلاسن، ڈیوڈ ملر، کیشو مہاراج، جیرالڈ کوئٹزی، کاگیسو ربادا، فیہلوکوایو اور لنگی نگیڈی شامل ہیں۔
افغانستان کا اسکواڈ
افغانستان ٹیم میں کپتان حشمت اللہ شاہدی، رحمان اللہ گربز، ابراہیم زدران، رحمت شاہ، عظمت اللہ عمر زئی، رحمت شاہ، وکٹ کیپر اکرام علی خیل، محمد نبی، راشد خان، مجیب الرحمان اور فضل الحق فاروقی شامل ہیں۔
ورلڈ کپ میں اب تک کا سفر
رواں ورلڈ کپ میں جنوبی افریقا کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اب تک 08 میچز میں سے 06 میچز جبکہ افغانستان کی ٹیم نے بھی انتہائی متاثر کُن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 08 میں سے 04 میچز جیتے ہیں اور بڑی ٹیموں کو اپ سیٹ شکست دی ہے۔
ہیڈ ٹو ہیڈ میچز کا ریکارڈ
دونوں ٹیموں کے مابین اب تک صرف ایک ون ڈے میچ کھیلا جاچکا ہے جس میں جنوبی افریقا نے افغانستان کو شکست دی ہے۔
پچ رپورٹ
نریندرا مودی کرکٹ اسٹیڈیم، احمد آباد کی پچ پر رواں ورلڈ کپ میں اب تک کوئی بھی ٹیم 300 رنز نہیں بنا سکی ہے، یہ پچ اسپنرز کے لیے مدد گار ہوگی تاہم اس پچ کو بیٹنگ کے لیے سازگار قرار دیا گیا ہے، اس گراؤنڈ پر پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیموں کا اوسط اسکور 237 رنز ہے۔
موسم کی صورتحال
احمد آباد میں آج میچ کے دوارن موسم شدید گرم رہنے کی توقع ہے جبکہ درجہ حرات 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا اور ہوا میں نمی کا تناسب 37 فیصد ہو گا۔
پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال
آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ 2023 میں 41 میچز مکمل ہونے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر جنوبی افریقا کی ٹیم 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسری جبکہ افغانستان کی ٹیم 08 پوائنٹس کے ساتھ 06 ویں پوزیشن پر ہے۔
واضح رہے کہ میگا ایونٹ میں افغانستان اور جنوبی افریقا کا آج گروپ اسٹیج کا آخری میچ ہے، جنوبی افریقی ٹیم پہلے ہی سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہے جبکہ افغان ٹیم ناک آؤٹ مرحلے کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہے، دونوں ٹیموں کا ہے۔
Comments are closed on this story.