Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

بھانجے کو کھلے مین ہول سے نکالنے والا ماموں جان کی بازی ہار گیا

32 سالہ سخی داد چار بچوں کا باپ تھا
شائع 10 نومبر 2023 06:43pm

کورنگی گلزار کالونی میں 8 سالہ بچہ کھیلتے ہوئے مین ہول میں جاگرا، جسے بچاتے ہوئے ماموں کی جان چلی گئی، 32 سالہ سخی داد چار بچوں کا باپ تھا۔

کراچی کے علاقے کورنگی گلزار کالونی میں کھلا مین ہول ایک شخص کی جان نگل گیا، اور بھانجے کو بچاتے ہوئے ماموں جان کی بازی ہار گیا۔

علاقہ مکینوں کے مطابق 8 سالہ بچہ ساجد اپنے ماموں زاد بھائی کے ساتھ گلی میں جارہا تھا کہ کھلے مین ہول میں جا گرا، کزن نے اپنے والد کو مدد کے لیے بلایا، تو ماموں سخی داد بچے کو دیکھ کر مین ہول میں کود گیا۔

سخی داد نے بھانجے کو تو اپنی مدد آپ کے تحت نکال لیا، لیکن خود میں ہول سے نہ نکل سکا، علاقہ مکینوں نے سخی داد کو مین ہول سے باہر نکالا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا۔

سخی دادا کے بھائی کا کہنا تھا کہ پورے علاقے میں گٹر اور برساتی نالے کھلے پڑے ہیں، جن میں زہریلا مواد بھرا ہوا ہے۔

علاقہ کے کونسلر کا کہنا تھا کہ میئر کراچی نے مین ہول کے ڈھکن دینے کا اعلان تو کیا تھا لیکن مطلوبہ تعداد میں ڈھکن فراہم نہیں کیے جارہے۔

واضح رہے کہ 32 سالہ سخی داد چار بچوں کا باپ تھا، جس کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے، نماز جنازہ میں عزیز و اقارب سمیت اہل علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

Death due to lack of manhole covers