Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

لیول پلیئنگ کا مطالبہ: نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن کی صدر علوی پر تنقید

صدر مملکت کے بیانات ان کے آئینی کردار سے متصادم نظر آ رہے ہیں، مرتضی سولنگی
اپ ڈیٹ 10 نومبر 2023 11:25pm
نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی۔ فوٹو — ریڈیو پاکستان
نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی۔ فوٹو — ریڈیو پاکستان

نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ صدر مملکت کے بیانات ان کے آئینی کردار سے متصادم نظر آ رہے ہیں، صدر ایسا تاثر نہ دیں جس سے لوگ انہیں ایک جماعت کے ترجمان کے طور پر دیکھیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ پوری قوم کی خواہش ہے کہ صدر مملکت جناب عارف علوی صاحب وفاق کی علامت کے طور اپنے فرائض سر انجام دیں اور ایسا تاثر نہ دیں جس سے لوگ انہیں ایک جماعت کے ترجمان کے طور پر دیکھیں، بدقسمتی سے جیسے جیسے ہم انتخابات کے قریب جا رہے ہیں صدر مملکت کے بیانات ان کے آئینی کردار سے متصادم نظر آ رہے ہیں۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ الیکشن کمیشن انتہائی تندہی اور ذمہ داری کے ساتھ الیکشن کی طرف گامزن ہے، انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہو گیا ہے اور تمام جماعتوں کو آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے سیاسی سرگرمیوں کی اجازت ہے، ایسے میں صدر مملکت کی طرف سے برابر مواقع فراہم نہ کرنے کی شکایت بہت افسوسناک ہے۔

نگراں وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ صدر صاحب کو اچھی طرح سے معلوم ہے کہ آج لیول پلینگ فیلڈ کا مطالبہ کرنے والے لوگ ہی پچ اکھاڑ کر اور وکٹیں لے کر میدان سے بھاگے تھے۔

اپنے ٹویٹ میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ صدر صاحب الیکشن کمیشن کے آئینی ادارے کو اپنا کام کرنے دیں گے اور ایک سیاسی جماعت کے کارکن بننے کی بجائے پورے ملک کے صدر کے طور پر اپنے فرائض سر انجام دیں گے جو کہ ان کا آئینی فریضہ ہے۔

الیکشن کمیشن پرعزم ہے کہ الیکشن صاف اور شفاف ہوں گے، ترجمان

سماجی ربطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر الیکشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک اعلی عہدہ دار کی طرف سے آنے والے الیکشن کی شفافیت کو مشکوک بنانے کی کوشش کی جارہی ہے، یہ طرزِعمل مناسب نہیں ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ الیکشن کمیشن پرعزم ہے کہ انشااللہ الیکشن صاف اور شفاف ہوں گے اور اس امر کو یقینی بنایا جائے گا۔

نگراں حکومت کاجھکاؤ کسی جماعت کی طرف بھی نہیں ہے، نگراں وزیراطلاعات

اس سے قبل اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے نگراں وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہو چکا ہے، اب کوئی شک و شبہ نہیں ہونا چاہیئے، انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کا کام اور انتخابی عمل کو شفاف بنانا نگراں حکومت کی ذمہ داری ہے۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ نگراں حکومت کا جھکاؤ کسی جماعت کی طرف بھی نہیں ہے، نگراں حکومت کسی پارٹی یا امیدوارکی حمایت یا مخالفت نہ کرے۔

وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ صحافی کا کام خبر دینا ہے کسی پارٹی کی طرف داری نہیں، جان محمد مہر کے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، وزیر اعلی سندھ سے معاملہ پر بات بھی کی ہے، نگراں حکومت صحافیوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائے گی۔

مزید پڑھیں

نگراں وفاقی وزیر اطلاعات کو ایک اور وزارت کا اضافی قلمدان سونپ دیا گیا

حکومت حلقہ بندیوں کے فیصلے کے پیچھے کھڑی ہے، نگران وزیراطلاعات

9 مئی کے ٹولے کو نکال کر پی ٹی آئی سے بات کرنے کیلئے تیار ہیں، رانا ثناء اللہ

نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کروڑوں روپے لگا کے چینل بنائے جاتے ہیں، اور پھر لوگوں کو کاغذ کا ٹکڑا بنا کر نوکریوں سے نکال دیا جاتا ہے، میرے علم میں کچھ واقعات آئے ہیں، چئیرمین پیمرا کے ساتھ مل کر اس پر اقدامات لیں گے۔

President Arif Alvi

Arif Alvi

Murtaza Solangi

Caretaker Information Minister

Election 2024