Aaj News

ہفتہ, دسمبر 21, 2024  
18 Jumada Al-Akhirah 1446  

بھارت میں تانترکوں کے کہنے پر نوجوان نے انگلی کاٹ لی، آخر میں بلی چڑھادیا گیا

نوجوان نے جادوگروں سے رابطہ کرکے مزید پیسے حاصل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا
شائع 10 نومبر 2023 09:19am

بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے نرسنگھ پور میں دو تانترکوں کو گرفتار کیا گیا ہے، جنہوں نے مبینہ طور پر ایک شخص کو زیادہ پیسہ کمانے میں مدد کرنے کے بہانے قتل کر دیا تھا۔ 22 سالہ نوجوان کی مسخ شدہ لاش 4 نومبر کو ایک کھیت سے ملی تھی جس کے سر اور گردن پر تیز دھار چیز کے ٹکڑے تھے۔

ملزم نے انکت کورو نامی نوجوان کو اس کے دائیں ہاتھ کی درمیانی انگلی کاٹنے کے لیے راضی کرتے ہوئے وعدہ کیا تھا کہ اس سے اسے امیر ہونے میں مدد ملے گی۔

تانتریوں کی شناخت 40 سالہ سریندر کاچی اور 45 سالہ راممو کاچی کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے ایس پی امت کمار کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دینے کے بعد دونوں کو گرفتار کیا۔

تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ واقعہ کی رات نوجوان کو ملزم کے ساتھ موٹر سائیکل چلاتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ انکت نے تقریبا چار مہینے پہلے بھی جادوگروں سے مشورہ کیا تھا، جب وہ بیمار ہو گیا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ نوجوان نے ڈاکٹروں سے بھی مشورہ کیا تھا لیکن جادوگروں کی مدد کے بعد اس کی صحت ٹھیک ہوگئی۔

پچھلا تجربہ مد نظر رکھتے ہوئے نوجوان نے ملزم پر دوبارہ بھروسہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ تقریبا 15دن پہلے جب اس کا بہنوئی بیمار ہو گیا تو علاج پر خرچ ہونے والی رقم نے اس کی فیملی میں مالی پریشانیاں پیدا کرنا شروع کر دیں۔

اس کے بعد،22 سالہ نوجوان نے جادوگروں سے دوبارہ رابطہ کیا، اور مزید پیسے حاصل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا.

جادوگر راضی ہو گئے اور انکت کو اپنے دائیں ہاتھ کی درمیانی انگلی کاٹنے کے لئے قائل کرنے میں بھی کامیاب رہے۔ وہ اسے اپنے ساتھ ٹیکاپار گاؤں لے گئے، اور اس کی ’نربلی‘ (انسانی قربانی) کی منصوبہ بندی کی۔

انکت کو نیند کی گولیاں دی گئیں اور بعد میں جادوگروں نے اسے مار ڈالا۔

ملزمان کو عدالت میں پیش کرنے کے بعد جیل بھیج دیا گیا یے۔ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

india

Tantriks