ورلڈکپ: نیوزی لینڈ کے ہاتھوں سری لنکا کو شکست، پاکستان کی سیمی فائنل میں رسائی مشکل
بھارت میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے 41 ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو باآسانی 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچنے کا راستہ انتہائی آسان کرلیا جبکہ پاکستان کی رسائی مشکل ہوگئی۔
سری لنکا کی جانب سے دیے گئے 172 رنز کا ہدف نیوزی لینڈ نے با آسانی 24 ویں اوورز میں حاصل کرکے 2 اہم پوائنٹس حاصل کرلیے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے شائقین آج دعا کر رہے تھے کہ سری لنکا نیوزی کو ہرا دے تاکہ پاکستان انگلینڈ کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ جائے لیکن ایسا نہ ہوسکا۔
بینگلور کے چنا سوامی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
سری لنکا کی بیٹنگ
پہلے بلے بازی کرتے ہوئے سری لنکا بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور پوری ٹیم 47 ویں اوورز میں 171 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔
سری لنکن اوپنرز نے تیز رن ریٹ کے ساتھ بیٹنگ کا آغاز کیا تاہم اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے، کیوی بولرز نے اپنے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے ساتھ ساتھ وکٹیں لینے کا سلسلہ بھی شروع کر دیا۔
نیوزی لینڈ نے ابتدائی 9 اوورز کے دوران 70 رنز دے کر 5 سری لنکن بیٹرز کو واپس پویلین بھیج دیا، یہاں پر کوشل پریرا 51 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے، اس کے علاوہ اسالنکا نے 8 اور کوشل مینڈس نے 6 رنز اسکور کیے۔
سری لنکا کی آدھی ٹیم کے آؤٹ ہونے کے بعد انجیلو میتھیوس اور دھننجایا ڈی سِلوا نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھانے کی کوشش کی تاہم 16.4 اوورز میں سری لنکا کی چھٹی وکٹ 104 رنز پر گر گئی جب انجیلو میتھیوس 16 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
سری لنکا کی ساتویں وکٹ 18.3 اوورز میں 105 رنز پر گری جب دھننجایا ڈی سِلوا 19 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
سری لنکا کو آٹھواں نقصان 23.3 اوورز میں 113 رنز پر اٹھانا پڑا، جب کرونا رتنے 6 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
سری لنکا کو 9 واں نقصان 128 رنز پر اٹھانا پڑا جب دشمانتھا چمیرا 32 ویں اوور میں ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
دسویں وکٹ پر مہیش ٹھیکشنا اور دلشن مدھوشنکا نے 43 رنز کی پارٹنرشپ بنا کر ٹیم کو 171 کے ٹوٹل تک پہنچایا۔
مدھوشنکا 47 ویں اوور میں رچن رویندرا کی گیند پر آؤٹ ہوئے اور یوں سری لنکا کی بیٹنگ لائن ایک مرتبہ پھر فلاپ ہوگئی اورمیچ میں لنکن بیٹرز کیوی بولرز کے سامنے بھی بھیگی بلی بنے رہے۔
مہیش ٹھیکشنا نے کیوی بولنگ اٹیک کا سامنا کیا اور 91 گیندیں کھیل کر 38 رنز بنائے اور ٹیم کا اسکور آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
یوں سری لنکا کی ٹیم 50 اوورز بھی پورے نہ کھیل سکی اور 46.4 اوورز میں 171 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور کیویز کے لیے 172 رنز کا ہدف سیٹ کیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے 37 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور ساتھ ہی انہوں نے اپنی ورلڈ کپ کی 50 وکٹیں بھی مکمل کیں۔
لوکی فیرگوسن، مچل سینٹنر اور راچن رویندرا نے 2 ،2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ٹم ساؤتھی نے ایک وکٹ لی۔
نیوزی لینڈ کی بیٹنگ
172 رنز کے آسان ہدف کے تعاقب میں کیوی اوپنرز نے 86 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا جہاں ڈیون کونوے نے 45 اور رچن رویندرا نے 42 رنز کی اننگز کھیلی۔
نیوزی لینڈ کے دونوں اوپنرز 88 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے لیکن آنے والے بلے بازوں نے تیز رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔
کپتان کین ولیمسن نے 14 اور ڈیرل مچل نے 43 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو ہدف کے قریب کردیا۔
اختتامی لمحات میں مارک چپمین کے 7، گلین فلپس کے 17 اور ٹام لیتھم کے 12 رنز کی بدولت نیوزی لینڈ نے سری لنکا کا 172 رنز کا ہدف باآسانی 23.2 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پرحاصل کرلیا۔
عمدہ بولنگ پرفارمنس پر نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
سری لنکا کی طرف سے اینجلو میتھیوز نے 2، دشمانتھا چمیرا اور مہیش تیکھشانا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
کیویز کا سیمی فائنل میں پہنچنا آسان
نیوزی لینڈ کی اپنے آخری گروپ میچ میں سری لنکا کے خلاف کامیابی کے بعد کیویز کا سیمی فائنل میں پہنچنا انتہائی آسان ہوگیا جبکہ پاکستان اور افغانستان کی سیمی فائنل تک رسائی کے لیے صورتحال مشکل ہوگئی۔
بھارت، جنوبی افریقا اور آسٹریلیا پہلے ہی ناک مرحلے کے لیے کوالیفائی کرچکے ہیں، آخری ٹیم کے لیے نیوزی لینڈ، پاکستان اور افغانستان کے درمیان مقابلہ ہے۔
تینوں ٹیموں کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے اپنا آخری میچ جیتنا ضروری ہے وہیں رن ریٹ کا خیال بھی رکھنا ہے۔
نیوزی لینڈ اپنا آخری گروپ میچ جیت کر 10 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر آگیا ہے۔
افغانستان کو کل جنوبی افریقا اور پاکستان کو ہفتے کو انگلینڈ کا سامنا کرنا ہے، نیوزی لینڈ نے آج جیت کے بعد اپنی سیمی فائنل کی راہ ہمورا کرلی جبکہ اب گرین شرٹس اور افغان ٹیم کے لیے آخری میچ میں جیت کے باوجود رن ریٹ کی وجہ سے ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچنا بظاہر ناممکن ہوگیا ہے۔
پاکستان اور افغانستان 8،8 میچز کھیل کر 8 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔
میچ کا ٹاس
ورلڈ کپ کا 41 واں اور اہم ترین میچ نیوزی لینڈ اور سری لنکا کی ٹیموں کے مابین چنا سوامی کرکٹ اسٹڈیم بنگلورو میں کھیلا جارہا ہے، جس کا ٹاس نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
ٹاس کے بعد نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمن سن نے کہا کہ اوور کاسٹ کنڈیشنز ہیں اس وجہ سے پہلے فیلڈنگ کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا پڑے گا، پوری کوشش کریں گے کہ آج کا میچ اچھے مارجن سے جیت کر اپنی پوزیشن مستحکم کر دیں۔
سری لنکا کے کپتان کوشال مینڈس نے کہا کہ ہم بھی اگر ٹاس جیتتے تو پہلے بولنگ کرتے، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پوری کوشش کریں گے کہ اچھا ٹارگٹ دیں تا کہ میچ میچ میں کامیابی سمیٹ کر چیمپئیز ٹرافی کے لیے براہ راست کوالیفائی کریں۔
دونوں ٹیموں نے ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے، نیوزی لینڈ نے لوکی فرگوسن کی جگہ ایش سودھی جبکہ سری لنکا نے کسن راجیتھا کی جگہ چمیرا کو پلئینگ الیون میں موقع دیا ہے۔
دوسری جانب دونوں ٹیموں کے درمیان میچ میں 80 فیصد بارش کے امکانات ہیں، اگر میچ بارش کی وجہ سے ختم کردیا جاتا ہے تو دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل جائے گا۔
نیوزی لینڈ کا اسکواڈ
نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کپتان کین ولیمسن، ڈیون کونوے، راچن رویندرا، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم، گلین فلپس، مارک چیپمین، مچل سینٹنر، لوکی فرگوسن، ٹم ساؤتھی اور ٹرینٹ بولٹ شامل ہیں۔
سری لنکا کا سکواڈ
سری لنکا کی ٹیم میں کپتان کوشل مینڈس، ڈیموتھ کرونارتنے، پاتھم نسانکا، سدیرا سمارا وکرما، چارتھ اسالنکا، دشن ہیمنتھا، اینجلو میتھیوز، مہیش تھیکشنا، چمیکا کرونارتنے اور دلشان مدھوشانکا شامل ہیں۔
ورلڈ کپ میں اب تک کا سفر
نیوزی لینڈ کی ٹیم نے میگا ایونٹ کا اچھا آغاز کیا لیکن انجریز کی وجہ سے اپنے بقیہ میچز میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر پائی۔
دونوں ٹیمیں اس ورلڈ کپ میں 8،8 میچز کھیل چکی ہیں اور یہ دونوں ٹیموں کا پہلے مرحلے کا آخری میچ بھی ہے۔
نیوزی لینڈ نے رواں ورلڈ کپ میں اب تک 08 میچز کھیل کر 04 میچز میں کامیابی حاصل کی اور4 میں اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ سری لنکا کی ٹیم 08 میچز میں سے صرف 2 جتنے میں کامیاب ہوئی اور 06 میچز ہارنے کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکی ہے۔
کیویز کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے یہ میچ جیتنا ضروری ہے۔
پوائنٹس ٹیبل کی تازہ ترین صورتحال
آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ 2023 میں 40 میچز مکمل ہونے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر نیوزی لینڈ کی ٹیم 08 پوائنٹس اور بہتر رن ریٹ کے ساتھ چوتھی جبکہ سری لنکا کی ٹیم 04 پوائنٹس کے ساتھ 09 ویں پوزیشن پر ہے۔
ہیڈ ٹو ہیڈ میچز کا ریکارڈ
دونوں ٹیموں کے مابین اب تک 101 ایک روزہ میچز کھیلے جاچکے ہیں جن میں نیوزی لینڈ نے 51 جبکہ سری لنکا نے 41 میچز جیتے ہیں۔ دونوں ٹیموں کے مابین 08 میچز بغیر نتیجہ جبکہ ایک میچ برابر رہا۔
پچ رپورٹ
چنا سوامی کرکٹ اسٹڈیم، بنگلورو کی پچ ہمیشہ سے ہی بیٹرز کے لیے جنت تصور کی جاتی ہے، اس پچ پر بڑے سے بڑا ٹوٹل بھی محفوظ نہیں ہے۔ اس پچ پر اپنے آخری میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پاکستان کے خلاف 401 رنز بنایا تھا جبکہ دوسری اننگز میں پاکستان نے بھی 25 اوور میں 200 رنز بنا لیے تھے، اور پاکستان نے ڈک ورتھ لوئیس قانون کے تحت وہ میچ 21 رنز سے جیت لیا تھا۔
اس گراؤنڈ پر کھیلے گئے آخری 41 ایک روزہ میچز میں سے پہلے بلے بازی کرنے والی ٹیم نے 15 جبکہ ہدف کا تعاقب کرنے والی ٹیم نے 22 میچز جیت رکھے ہیں اس لیے جو بھی ٹیم ٹاس جیتے گی پہلے بولنگ کرنے کو ترجیح دے سکتی ہے۔
موسم کی صورتحال
بنگلورو میں کل میچ کے دوران موسلادھار بارش ہونے کے امکانات ہیں۔ کل میچ کے دوران درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد رہنے کی توقع ہے۔
پاکستان کیسے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرسکتا ہے؟
پاکستان کا سیمی فائنل میں پہنچنے کا دارومدار نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان میچ پر ہے، اگر اس میں کیوی ٹیم ہار گئی یا میچ بارش کی نذر ہوا تو قومی ٹیم کو انگلینڈ کو صرف شکست دینا ہوگی کیونکہ اس وقت تک افغانستان اور جنوبی افریقہ کے میچ کا فیصلہ ہوچکا ہوگا۔
*اگر نیوزی لینڈ آخری میچ جیتی تو پاکستان کو آخری میچ انگلینڈ کے خلاف بڑے مارجن سے جیتنا ہوگا۔
-
اگر نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 50 رنز سے شکست دی تو پاکستان کو انگلینڈ کو 180 رنز سے شکست دینا ہوگی۔
-
اگر نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو ایک رن سے ہرایا تو پاکستان کو انگلینڈ کو 131 رنز سے ہرانا پڑے گا۔
-
اگر سری لنکا نے نیوزی لینڈ کو شکست دی تو پاکستان کو صرف انگلینڈ کو ہرانا ہو گا اور وہ کوالیفائی کر لے گا۔
-
اگر یہ میچ بارش کی وجہ سے ختم ہوجاتا ہے تو پاکستان کو کوالیفائی کرنے کے لیے صرف انگلینڈ کو شکست دینا ہوگی۔
واضح رہے بھارت میں جاری آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ 2023 اپنے اختتام کے قریب پہنچ چکا ہے۔ میگا ایونٹ کے 40 میچز مکمل ہو چکے ہیں اور سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہونے کے لیے جنگ تیزی سے جاری ہے۔ گزشتہ روز کھیلے گئے 40 ویں میچ میں انگلینڈ نے نیدر لینڈز کو باآسانی 160 رنز سے شکست دے دی ہے۔ دفاعی چیمپئن کی میگا ایونٹ میں یہ محض دوسری کامیابی ہے۔
سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے پاکستان، نیوزی لینڈ اور افغانستان کی ٹیموں کے مابین جنگ جاری ہے اور تینوں ٹیموں کا میگا ایونٹ میں آخری میچ ہے اور جو بھی ٹیم اپنا میچ ہارے گی وہ سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو جائے گی اس لیے ان تینوں میچز کو ’کوارٹر فائنل‘ کا درجہ مل چُکا ہے۔
بھارت، جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں میگا ایونٹ کے سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں جبکہ چوتھی ٹیم کا فیصلہ 11 نومبر کو پاکستان اور انگلینڈ کے خلاف میچ کے بعد ہو جائے گا۔
Comments are closed on this story.