Aaj News

پیر, نومبر 04, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

رشمیکا مندنا کی ڈیپ فیک ویڈیو پر اصل لڑکی کا بیان سامنے آگیا

بھارتی حکومت نے معاملے پر ایڈوائزری جاری کردی
شائع 08 نومبر 2023 10:00pm

گزشتہ دنوں بالی ووڈ اداکارہ رشمیکا مندنا کی مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کے ذریعے بنائی گئی جعلی غیراخلاقی ویڈیو وائرل ہوئی۔ اس ویڈیو میں جس لڑکی کے جسم پر اداکارہ کا چہرہ لگایا گیا، اس لڑکی کا ردعمل بھی اب سامنے آ گیا ہے۔

زارا پٹیل نامی لڑکی نے اپنے انسٹاگرام اکاﺅنٹ پر ایک پوسٹ میں کہنا تھا کہ مجھے معلوم ہوا ہے کہ کسی نے میرے جسم کو استعمال کرتے ہوئے ایک معروف بالی ووڈ اداکارہ کی نازیبا ویڈیو بنائی ہے۔ میری ویڈیو پر اداکارہ کا چہرہ لگایا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اس معاملے میں قطعاً ملوث نہیں ہوں۔ میں خود اس ویڈیو کے منظرعام پر آنے پر بہت ڈسٹرب ہوں، میں خواتین اور لڑکیوں کے مستقبل کے متعلق پریشان ہوں جو اب اپنی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے خوف کھائیں گی۔

دوسری جانب بھارتی حکومت نے اس معاملے پر سوشل میڈیا کمپنیوں کو ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے آئی ٹی انٹرمیڈیٹ رولز پر عمل درآمد کے لیے کہا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کی دفعہ 66 ڈی کے مطابق کمپیوٹر وسائل کا استعمال کرتے ہوئے نقل اور دھوکہ دہی کرنے پر 3 سال تک کی قید اور ایک لاکھ روپے تک کا جرمانہ لگایا جا سکتا ہے۔

ڈیپ فیک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد رشمیکا نے بھی ناراضگی ظاہر کی اور کہا کہ اس طرح کی کوشش بہت خوفناک ہے۔

رشمیکا مندنا کی طرف سےاپنے ایکس اکاﺅنٹ پر جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ اپنی وائرل ہونے والی ڈیپ فیک ویڈیو کے متعلق بات کرنا میرے لیے بہت تکلیف دہ اور ایک انتہائی خوفناک عمل ہے۔اس سے پہلے کہ ڈیپ فیک کی ٹیکنالوجی سے مزید لوگوں کی ساکھ کو نقصان پہنچے، ہمیں بطور کمیونٹی فوری طور پر اس سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔