Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

’بھارت کی نقل‘، راولپنڈی پولیس کا میتھیوز کے ٹائم آؤٹ پر اشتہار ٹرولنگ کا شکار

’پولیس والوں کی حس مزاح اور ذہانت کب بحال ہوئی؟’
شائع 08 نومبر 2023 06:52pm

راولپنڈی ٹریفک پولیس کی جانب سے اینجیلو میتھیوز کے ٹائم آؤٹ پر دی گئی عوامی وارننگ نے سوشل میڈیا صارفین کو ٹرولنگ کا ایک نیا موقع فراہم کردیا ہے۔

بنگلادیش اور سری لنکا کے درمیان دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں ہونے والے ورلڈکپ کے 38 ویں میچ کے دوران سری لنکا کے کھلاڑی اینجلو میتھیوز تاریخ کے پہلے ٹائم آوٹ ہونے والے کھلاڑی بن گئے تھے۔ سری لنکن بیٹر کو وکٹ پر دیر سے آنے پر آؤٹ قرار دیا گیا تھا۔

تاریخ میں پہلی بار انٹرنیشنل کرکٹ میں کسی بیٹر کو ٹائم آؤٹ ہونے پر مخالف ٹیم کی اپیل پر آؤٹ دیا گیا۔

دراصل اینجیلو میتھیوز ٹوٹا ہوا ہیلمٹ لے کر میدان میں آگئے تھے، انہوں نے کریز پر آکر دوسرا ہیلمٹ منگوایا اور یوں بال کھیلنے میں تھوڑی سی تاخیر ہوگئی، جس کے بعد بنگلایش کے کپتان شکیب الحسن سمیت کھلاڑیوں کی جانب سے ٹائم آؤٹ کا کہہ کر آؤٹ کرنے کی اپیل کی گئی اور میتھیوز کو امپائر نے آؤٹ دے دیا۔

یعنی کہ ایک ٹوٹے ہوئے ہیلمٹ کی وجہ سے سری لنکن بیٹر کو واپس پویلین لوٹنا پڑا۔

راولپنڈی ٹریفک پولیس نے میتھیوز کے ہیلمٹ ”حادثے“ کو ہیلمٹ کے استعمال پر آگاہی کیلئے موقع سے فائدہ اٹھایا اور سوشل میڈیا پر پیغام جاری کردیا، جس میں کہا گیا کہ ’افسوس، مگر ایک معیاری ہیلمٹ آپ کو ٹائم آؤٹ (موت) ہونے سے بچا سکتا ہے‘۔

راولپنڈی ٹریفک پولیس کے اس سنجیدہ پیغام پر بھی لوگ ٹرولنگ سے باز نہ آئے۔

ایک صارف نے لکھا، ’اگر وارڈن شکیب الحسن جیسا نہ ہو اور 500 روپے لے کر چھوڑ دے پھر؟‘

جس پر راولپنڈی ٹریفک پولیس نے فوراً صارف کو جواباً اپنی شکایت کمپلین سیل میں درج کرانے کو کہا۔

ایک صارف نے راولپنڈی ٹریفک پولیس کو کہا کہ ’آپ کے وارڈن شکیب الحسن کے برخلاف مزاکرات کیلئے بہت جلدی راضی ہوجاتے ہیں‘۔

ایک صارف نے اشتہار کی تعریف بھی کی۔

ایک صارف نے سوال اٹھایا، ’پولیس والوں کی حس مزاح اور ذہانت کب بحال ہوئی‘۔

ایک صارف نے اشتہار کو انگریزی میں شائع کرنے کا بھی مشورہ دیا اور کہا کہ یہ دنیا بھر میں وائرل ہوسکتا ہے۔

ایک صارف نے راولپنڈی پولیس پر دہلی پولیس کی نقل کرنے کا الزام بھی لگایا۔

Rawalpindi traffic police

TROLLING

angelo mathews

timed out